0
Saturday 22 Sep 2018 19:44
عاشورا کے جلوسوں میں

پوری دنیا میں ھیھات منا الذلہ کی صدائیں

پوری دنیا میں ھیھات منا الذلہ کی صدائیں
اسلام ٹائمز۔ عزاداران امام مظلوم علیہ السلام نے اس سال تہران سمیت پاکستان سے لیکر برطانیہ، ہندوستان، شام، عراق، کنیڈا، امریکہ اور دنیا بھر کے تمام ممالک میں ہر قسم کی رنگ و نسل اور قوم و قبیلہ کے انسانوں نے غم امام حسین علیہ السلام میں اپنا حصہ ڈالا۔ ہر ملک اور ہر قبیلہ میں اپنی اپنی روایات کے مطابق امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ عراق سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق کربلائے معلی میں تیس لاکھ سے زائد زائرین نے امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہلبیت و اصحاب کے مزارات پر حاضری دی اور عزاداری کی۔ کربلا شہر کی انتظامیہ کے مطابق عاشورا کے دن اس شہر میں تیس لاکھ زائرین نے حرم امام حسین علیہ السلام کی زیارت کی۔ کربلا کی انتظامیہ کے سیکورٹی کے انچارج فلاح الجزائری نے بتایا کہ زائرین کی حفاظت کیلئے شہر بھر میں ۳۳ ہزار سے زائد پلیس، فوج، حشد الشعبی اور عراق ائیرفورس کے ملازمین ڈیوٹی پر موجود تھے۔
 
بحرین میں گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عزاداران امام حسین علیہ السلام کو حکومتی سخت پالیسیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ آل خلیفہ کی حکومت نے عاشورا کے دن علی الصبح مختلف مقامات پر عزاداران کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا۔ ایسے تشدد آمیز اقدامات زیادہ تر منامہ، الشاخورہ، ابوصبیع، حمد، عیسی، کرزکان، سار، الدراز، مالکیہ، العکر، بوری اور معامیر میں انجام دیئےگئے۔ حکومتی تشدد آمیز اقدامات کے باوجود عزادارن اباعبداللہ الحسین علیہ السلام نے عزاداری کے جلوس اور مجالس عزا میں بھرپور شرکت کی۔ بحرین پلیس نے النویرات کے علاقے سے چار ذاکرین کرام کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح متعدد علمائے دین اور خطباء حضرات مجالس سے خطاب کی وجہ سے پیشیاں بھگتنے پر مجبور ہو گئے۔
 
مصر میں بھی حکومت نے عزاداری کی محافل اور مجالس عزا کو برپا کرنے سے روک دیا۔ گذشتہ پانج سالوں کی طرح اس سال بھی مصر کی وزارت اوقاف نے قاہرہ میں موجود مقام و مسجد امام حسین علیہ السلام کو عاشورا کے دن زائرین کیلئے بند کر دیا۔ مصر کی سیکورٹی فورسز نے اس مسجد کا محاصرہ کر کے پورے علاقے میں کسی بھی قسم کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی۔ مصر کی ویب سائٹ مصر العربیہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے قاہرہ شہر کے الحسین چوک پر بکتر بند گاڑیاں لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ اسی طرح نائجیریا میں سعودی نواز حکومت نے عزاداروں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ العالم نیوز کے مطابق نائجیریا کے شیعہ مسلمانوں نے عاشورا کے دن عظیم الشان جلوس عزاداری نکالے جبکہ نائجیریا کے شہر ابوجا میں آرمی نے متعدد عزاداروں کو گرفتار کر لیا۔
 
لندن میں ہزاروں شیعہ مسلمانوں نے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری برپا کی۔ ہائیڈ پارک کارنر میں عاشورا کا مرکزی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں عزادارن اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کے سوگواروں نے سیاہ لباس پہن کر شرکت کی۔ پوری دنیا میں عزداری کے جلوسوں اور مجالس عزائے امام حسین علیہ السلام میں اللہ اکبر، یاعلی، یا حسین، یا عباس، لبیک یا حسین، یا شہید، ھیھات منا الذلہ جیسے نعرے لگا کر شیعیان امام حسین علیہ السلام نے موجودہ دور کے شمر و یزید اور عالمی اسکتبار کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 751513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش