0
Saturday 22 Sep 2018 20:23

بھارت خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، ثروت اعجاز قادری

بھارت خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات بحالی کے بعد مکر جانا بھارتی حکومت ہندو انتہاپسندوں سے خوفزدہ ہے، بھارت میں ہندو انتہاپسند امن کیلئے خطرہ اور انسانیت کے دشمن ہیں، مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کو بھارت میں مذہب کے نام پر قتل اور ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن اور دونوں ممالک کے درمیان برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر عمائدین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بنی ہوئی ہے، مذاکرات منسوخ کرنے کے بھارتی رویئے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا اچانک مذاکرات سے پیچھے ہٹ جانا سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت پاکستان کی خطے میں پائیدار قیام امن اور ترقی و خوشحالی کیلئے پیشکش کو سہراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں اٹھانا ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، اقوام متحدہ کو کشمیر کے مظالم نظر نہیں آتے، تو حقائق کا آئینہ دیکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں محرم الحرام میں بہترین سیکیورٹی انجام دینے اور امن و امان کی فضاء کو قائم رکھنے پر رینجرز و پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امن کے دشمنوں کیلئے کراچی میں کوئی جگہ نہیں ہے، دہشتگردی و انتہاپسندی پھیلانے والوں کو مکمل نکیل ڈالنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، کراچی کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی، تو پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی، کراچی پاکستان کا دل ہے، موجودہ حکومت کراچی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں برؤئے کار لائے۔
خبر کا کوڈ : 751521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش