QR CodeQR Code

پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر کا ہے، فواد چودھری

23 Sep 2018 15:27

بھارتی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کا ایک راستہ جنگ ہے، لیکن دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں اس لیے جنگ کے بارے میں سوچنا بھی بےوقوفی ہے، دوسرا راستہ مذاکرات کا ہے جہاں بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے اور بھارتی حکومت کو مذاکرات پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا۔ بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم بھارت کو پاکستان سے مذاکرات پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا جبکہ جنگ اور دشمنی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسائل کے حل کا ایک راستہ جنگ ہے، لیکن دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں اس لیے جنگ کے بارے میں سوچنا بھی بےوقوفی ہے، دوسرا راستہ مذاکرات کا ہے جہاں بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر کا ہے، بھارتی سیاست دان پاکستان مخالف نعرے لگا کر انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی پر تشویش ہے، جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے گزشتہ 70 سالوں میں 3 جنگیں لڑی ہیں اور ہم اپنے ہمسائے نہیں بدل سکے لہذا اب بھارت نے فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہر چیز کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھرانا صحیح نہیں، بھارت کو بھی اپنی غلطیاں درست کرنا ہوں گی۔


خبر کا کوڈ: 751646

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751646/پاکستان-اور-بھارت-کے-درمیان-اصل-مسئلہ-کشمیر-کا-ہے-فواد-چودھری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org