QR CodeQR Code

حکمران پہلے تولو پھر بولو کے اصول پر عمل کریں، اعجاز ہاشمی

23 Sep 2018 22:50

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے محض ملاقات کا اشارہ ملنے پر دونوں نے شور مچا دیا کہ مذاکرات پر ہمارا ازلی دشمن ملک راضی ہوگیا ہے حالانکہ بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی اور انتہا پسند ہندووں کی اجارہ داری ہی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں حائل رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے بھارت کی طرف سے وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری "پہلے تولو بھر بولو" کے اصول پر عملدرآمد کرلیں تو انہیں سفارتی اور حکومتی سطح پر ناکامیوں اور شرمندگی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا چونکہ دونوں افراتفری کے عادی اور مستقل مزاجی سے عاری ہیں اور بدقسمتی سے پہلی دفعہ اناڑیو ں کے ہاتھ میں حکومت آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے محض ملاقات کا اشارہ ملنے پر دونوں نے شور مچا دیا کہ مذاکرات پر ہمارا ازلی دشمن ملک راضی ہوگیا ہے حالانکہ بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی اور انتہا پسند ہندووں کی اجارہ داری ہی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں حائل رہی ہے، انہیں چاہیے کہ وہ بیان بازی سے پہلے وزارت خارجہ سے بھی مشورہ کرلیا کریں تاکہ شرمندگی نہ اٹھانا پڑے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ شسما سوراج سے شاہ محمود قریشی کی ملاقات کا اعلان شور شرابہ سے زیادہ کچھ نہیں تھا مگر پاکستان میں اسے بڑی کامیابی قرار دیا جانے لگا، جس کے کوئی امکانات نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اب تک کے اقدامات سے یو ٹرن کی پالیسیاں مزید واضح ہوگئی ہیں، سعودی عرب ہمارا مخلص اسلامی ملک ہے، جو ہمیشہ پاکستان کی عزت کرتے ہیں چاہے حکومت میں کوئی بھی ہو چونکہ مضبوط سفارتی تعلقات دونوں ممالک کی ضرورت ہیں۔


خبر کا کوڈ: 751654

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751654/حکمران-پہلے-تولو-پھر-بولو-کے-اصول-پر-عمل-کریں-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org