0
Sunday 23 Sep 2018 22:22

بھارت، باغیوں کے حملے میں رکن اسمبلی سمیت دو سیاسی رہنماء ہلاک

بھارت، باغیوں کے حملے میں رکن اسمبلی سمیت دو سیاسی رہنماء ہلاک
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ماؤ باغیوں نے فائرنگ کر کے رکن اسمبلی کیدار سرویسوارا اور سابق رکن اسمبلی سیوری سوما کو قتل کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تیلگو دیشم پارٹی کے دو رہنماؤں کو ماؤ باغیوں نے آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم میں گولیاں مار کر قتل کیا ہے۔ دونوں رہنما علاقے میں کان کنی کے ایک معاہدے پر ماؤ باغیوں سے  گفت و شنید کرنے گئے تھے کہ 40 سے 50 ماؤ باغیوں نے دھاوا بول دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی کو جن علاقوں کے دورے پر جانا تھا، وہاں سکیورٹی انتظامات مکمل تھے لیکن وہ آخری وقت میں اپنا دورہ تبدیل کرتے ہوئے گاؤں دمبری گودا چلے گئے، جو ماؤ باغیوں کے زیر تسلط ہے۔ حملہ آوروں میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اراکین اسمبلی کے قتل کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ماؤ باغی اپنی جماعت کا یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ اس بار یوم تاسیس پورے ہفتے منایا جائے گا، جس کی اختتامی تقریب 27 ستمبر کو ہو گی۔ وزیراعلٰی چندر بابو نائیڈو نے اراکین اسمبلی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ مقتول رکن اسمبلی کیدار سرویسوارا راؤ 2016ء میں آراکو سے کانگریس کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں تیلگو دیسام پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ حکمراں جماعت نے انہیں سرکاری نمائندہ مقرر کر دیا تھا، جب کہ قتل ہونے والے دوسرے رہنما سیوری سوما بھی تیلگو پارٹی کے سابق رکن اسمبلی تھے۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ قدرتی معدنیات بالخصوص المونیم  سے بھرپور دھاتی پتھر باکسائیٹ کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ مقتول رکن اسمبلی پر باکسائٹ کی غیر قانونی کان کنی کے کئی مقدمات درج ہیں جب کہ ماؤ تحریک ان معدنیات کو حق سمجھتے ہوئے اپنا تسلط چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 751720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش