0
Sunday 23 Sep 2018 22:54

(ن) لیگ بھارتی عزائم کیخلاف اپنی حکومت و پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، علی اکبر گجر

(ن) لیگ بھارتی عزائم کیخلاف اپنی حکومت و پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کی تنظیم نو کیلئے بنائی گئی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن اور سینئر صوبائی رہنماء علی اکبر گجر نے بھارتی فوجی سربراہ کی گیدڑ بھبکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر کی پاکستان دشمن قوتیں جان لیں کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے کسی عام سے طفیلی ملک کا نام نہیں، ہم بائیس کروڑ پاکستانی دنیا کی ہر دشمن قوت کا منہ توڑ جواب دینے کی طاقت رکھتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت سیاسی اختلافات کے باوجود پاک سرزمین کی سلامتی، تحفظ اور بقاء کیلئے اپنی حکومت اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ کو ایک پڑوسی ایٹمی قوت کیلئے ایسا گھٹیا لب و لہجہ نہیں استعمال کرنا چاہئیے، پاکستانی اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، کیونکہ ریاست پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جنگیں دنیا کو تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں دیتیں، خطے سمیت دنیا بھر کا پائیدار امن ریاست پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین نکتہ ہے۔

بھارت سمیت کسی بھی دشمن قوت کو پاکستانی قوم کے صبر اور حوصلے کے امتحان لیسے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے علی اکبر گجر نے کہا کہ بھارتی سورما نہ بھولیں کہ پاکستانی قوم انہیں ناکوں چنے چبوانے کی صلاحیت سے مالا مال ہے، ہمارے سیاسی اختلافات ایک گھرانے کے رہنے والوں کے اختلافات جیسے ہیں، لیکن سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ایک جان دو قالب کی طرح دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر لمحہ چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے وطن کے دفاع کیلئے پُرعزم اور ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری حکمران یاد رکھیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال کر انہیں تمام دنیا کے سامنے نشان عبرت بنا دیں گے۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ بھارت ہمارے امن کے پیغام کو ہماری کمزوری سمجھ کر بہت بڑی غلطی کا مرتکب ہو رہا ہے، جس کیلئے اسے ایسی قیمت چکانا پڑے گی، جس کا بھارتی سورماؤں نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 751722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش