0
Monday 24 Sep 2018 09:23

نواز شریف کیساتھ ذاتی لڑائی نہیں وہ قوم کے پیسے واپس لے آئیں بات ختم ہو جائے گی، فواد چوہدری

نواز شریف کیساتھ ذاتی لڑائی نہیں وہ قوم کے پیسے واپس لے آئیں بات ختم ہو جائے گی، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی مستقبل تو نہیں ہے لیکن وہ ذاتی مستقبل کے لیے دعا کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ لاہور چل رہا ہے جہاں ان کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت پہلی میٹنگ بلدیاتی نظام سے متعلق ہے کیوں کہ موجودہ بلدیاتی نظام آئین کی شرط پوری نہیں کرتا اور موجودہ بلدیاتی نظام کی بنیاد ایسی رکھی گئی کہ وزرائے اعلیٰ ڈکٹیٹر بن جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام کو تبدیل کیے بغیر معاملہ آگے نہیں بڑھے گا اور نئے بلدیاتی نظام میں منتخب نمائندہ بااختیار ہو گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ویلج کونسل کا تجربہ بھی کیا گیا جو ایک چھوٹا یونٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ ویلج کونسل بنائی جائے یا یونین کونسل کے سائز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کابینہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے کی اور وزراء کو ٹارگٹس دیئے ہیں، ہم چاہتے ہیں ہماری حکومت (ن) لیگ کی حکومت سے مختلف ہو اور عوامی نمائندوں پر مشتمل ہو۔

مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے جب بھی ریکارڈ مانگا گیا تو وہاں آگ لگ جاتی تھی، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جہاں جہاں آگ لگی وہاں تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی اسکینڈلز  کھلیں گے اور گزشتہ پنجاب حکومت میں شامل افراد زیادہ عرصہ جیل سے باہر نہیں رہ  سکیں گے، شہباز شریف نے ایک لاکھ 10 ہزار کروڑ روپیہ خرچ کیا، جب کہ میٹرو بسوں کو چلانے کے لیے 8 ارب روپے حکومت کو سالانہ دینا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا سیاسی مستقبل تو ہے نہیں البتہ اپنے ذاتی مستقبل کے لیے وہ دعا کریں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب سے ہماری ذاتی لڑائی نہیں ہے، وہ قوم کے پیسے واپس لے آئیں تو ہماری لڑائی ختم ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کی بات کی ہے لیکن بھارت میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ بھارت پاکستان کو کمزور کرکے آگے بڑھ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاناما میں پھنسے تو مودی رافیل اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں اور  یہ 8 سے 10 بلین ڈالر کا اسکینڈل ہے جس کا وہ مرکزی کردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اندرونی اسکینڈلز میں پھنسا ہوا ہے لہذا بھارت اپنی جنگ خود لڑے اور اپنے اندرونی سیاسی معاملات خود دیکھے۔
 
خبر کا کوڈ : 751763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش