0
Monday 24 Sep 2018 11:04

بھارت کی آبی جارحیت، پانی کا خطرناک بڑا ریلا پاکستان میں داخل

بھارت کی آبی جارحیت، پانی کا خطرناک بڑا ریلا پاکستان میں داخل
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے بغیر اطلاع کے راوی، ستلج اور چناب میں پانی چھوڑ دیا ہے، فیروزپور ہیڈ ورکس کے گیٹ بھی کھول دیئے، دریاؤں کے بیٹ میں موجود آبادیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت شروع کر دی ہے اور راوی، ستلج، چناب میں پانی چھوڑ دیا ہے۔ پانی کا خطرناک ریلا پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ بھارت نے بغیر اطلاع پانی چھوڑا ہے، جس کے باعث چناب کے معاون دریاؤں جموں اور توی میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ قصور، نارووال، سیالکوٹ، ہیڈ مرالہ کے مقامات پر دریاؤں کی سطح بھی اچانک بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث دریاؤں کے بیٹ میں واقع آبادیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ بھارت نے فیروز پور ہیڈورکس کے گیٹ بھی کھول دئیے، راوی میں مادھو پور ہیڈ ورکس سے چھوڑا گیا۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق بھارت کیساتھ ستلج میں 50 اور راوی میں 30 ہزار کیوسک پانی چھوڑے جانے پر پیشگی اطلاع کا معاہدہ ہے لیکن بھارت نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

دوسری جانب سیالکوٹ، نارووال، شکر گڑھ میں طوفانی بارش سے دریائے جموں توی اور ندی نالے بپھر گئے، متعدد دیہات کو خالی کرا لیا گیا، ہیڈمرالہ اور نالہ ڈیک میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ نالہ ڈیک میں اونچے درجے کے سیلاب سے 80 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا، نالے میں پانی کی گنجائش خطرے کے نشان سے صرف ایک سو کیوسک میٹر دور رہ گئی، ہیڈمرالہ کے مقام پر بھی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ شکر گڑھ میں مسلسل 18 گھنٹوں کی بارش سے دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، نالہ بئیں اور نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب آ گیا، نارووال میں آٹھ گھنٹے مسلسل بارش سے ظفروال کے نالہ ڈیک میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ نالے کے کنارے پر واقع متعدد دیہات کے مکینوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کر دیا۔ لاہور میں بھی وقفے وقفے سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، تیز ہواؤں نے خنکی بھی بڑھا دی۔ موسم کی خبر دینے والوں نے گوجرانولہ، لاہور ڈویژن میں کئی مقامات پر مزید بارش کی پیشگوئی کر دی، کشمیر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 751785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش