QR CodeQR Code

بلوچستان میں قبائلی تنازعات کے خاتمے کیلئے امن جرگہ کا ساتھ دینا چاہیئے، مولانا عبدالحق ہاشمی

24 Sep 2018 11:21

گلستان میں منعقدہ ہونیوالے امن جرگے سے خطاب میں صوبائی امیر جماعت اسلامی بلوچستان کا کہنا تھا کہ قبائل کے درمیان نفرتوں ودشمنیوں کا خاتمہ کرنیوالے، انسانیت کو بچانیوالے خیر خواہ قابل قدر لوگ ہیں۔ امن جرگے کے افراد کو مخلصانہ جدوجہد کرتے ہوئے اللہ تعالٰی سے اجر مانگنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پشتون بلوچ قوم کو قبائلی تنازعات نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ جانی نقصان کیساتھ ساتھ زراعت ومعیشت بھی تباہ ہوگئی ہے۔ نوجوانوں اور عورتوں سمیت قبیلے کے دیگر افراد ہجرت پر مجبور ہوئے۔ امن جرگہ نے وہ کام شروع کیا، جو امن محبت ترقی خوشحالی کا راستہ ہے۔ قبائلی وسیاسی عمائدین اور علمائے کرام کو امن جرگہ کی کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ جماعت اسلامی امن جرگہ بلخصوص لالہ یوسف خلجی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انشاء اللہ امن جرگہ کی کوششوں کے بدولت علاقے میں قبائلی دشمنیاں ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان میں امن جرگہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ نیک نیتی کی جدوجہد ضرور رنگ لائیگی۔ گلستان وقلعہ عبداللہ کے بعد اس امن جرگہ کو بلوچستان کے دیگر علاقوں کا رخ کرنا چاہیئے، جو قبائلی جھگڑوں کی وجہ سے تباہ وبرباد ہیں۔ بلوچستان وگلستان کو انہی قبائلی جھگڑوں نے تباہ کرکے رکھ دیا۔ جو افراد قبائلی کو لڑانے کی سازش کرتے ہیں، وہ دنیا وآخرت میں رسوا اور تباہ ہوں گے۔

قبائل وعوام کا تصفیہ کرکے ان کے درمیان تعصبات کو ختم کرکے امن بحال کرنا، سب سے بہترین کام ہیں۔ اس کام میں جو جتنا بھی حصہ ڈال دیں، آخرت میں اس کے مطابق بہت اجر ملے گا۔ قبائل کے درمیان نفرتوں ودشمنیوں کا خاتمہ کرنے والے انسانیت کو بچانے والے خیر خواہ قابل قدر لوگ ہیں۔ امن جرگے کے افراد کو مخلصانہ جدوجہد کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے اجر مانگنا چاہیئے۔ انشاء اللہ امن جرگے کی کوششیں ضرور رنگ لائیگی اور گلستان حقیقت میں گلستان بنے گا۔ قلعہ عبداللہ میں کاکڑ، اچکزئی، سید اور ترین سمیت مختلف قبائل کی آپس میں اور ایک دوسرے کیساتھ معمولی معمولی تکرار پر شروع ہونے والی دشمنیوں نے ہزاروں قیمتی افراد کی جان اور معیشت وزراعت سمیت تعلیم ومعاشرت تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ امن جرگہ کی کوششوں میں سب ساتھ دیں۔


خبر کا کوڈ: 751794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751794/بلوچستان-میں-قبائلی-تنازعات-کے-خاتمے-کیلئے-امن-جرگہ-کا-ساتھ-دینا-چاہیئے-مولانا-عبدالحق-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org