QR CodeQR Code

ہندوستان کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں، شہریار آفریدی

سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاملے میں عدلیہ آزاد ہے جو بھی فیصلہ ہوا اسے قبول کرینگے

24 Sep 2018 12:42

کوہاٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ پاکستان جموں کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم قربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور ہم ہندوستان کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ دورہ کوہاٹ کے موقع پر پریس کلب میں صحافیوں سے مختصر بات چیت کے دوران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جموں کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں الیکشن قریب آتے ہی مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے، لیکن ہم بھارت میں امن کے خواہاں اسٹیک ہولڈرز کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بتایا کہ افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت اور شناختی کارڈ دینے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں رائے عامہ کے بعد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاملے میں عدلیہ آزاد ہے جو بھی فیصلہ ہوا اسے قبول کریں گے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ گذشتہ وفاقی حکومت نے کوہاٹ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے، موجودہ حکومت ملک بھر میں ایسے علاقوں پر توجہ دیگی جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔


خبر کا کوڈ: 751828

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751828/ہندوستان-کی-دھمکیوں-کا-منہ-توڑ-جواب-دینے-اہلیت-رکھتے-ہیں-شہریار-آفریدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org