QR CodeQR Code

کالا باغ ڈیم کیخلاف سندھ اسمبلی میں متحدہ اپویشن کی قرارداد جمع

24 Sep 2018 16:42

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ سمیت 3 صوبے کالا باغ ڈیم کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کر چکے ہیں، کالا باغ ڈیم ایک متنازعہ منصوبہ ہے، جس پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے، لہٰذا ایسا منصوبہ جسے تین صوبوں کی عوام مسترد کر چکی ہے، کسی صورت نہیں بننا چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف اور بھاشا ڈیم کی حمایت میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کے خلاف اور بھاشا ڈیم کی حمایت میں قرارداد جمع کرائی گئی ہے، قرارداد پر تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان اسمبلی کے دستخط ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ سمیت 3 صوبے کالا باغ ڈیم کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کر چکے ہیں، کالا باغ ڈیم ایک متنازعہ منصوبہ ہے، جس پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے، لہٰذا ایسا منصوبہ جسے تین صوبوں کی عوام مسترد کر چکی ہے، کسی صورت نہیں بننا چاہئے، آبی وسائل پر سب کا حق ہے، کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے سندھ کو نقصان ہوگا اور صوبے کے عوام کو کالا باغ ڈیم پر شدید خدشات ہیں۔ متحدہ اپوزیشن نے قرارداد کے ذریعے بھاشا ڈیم کی تعمیر کو ملک کیلئے ناگزیر قرار دیا اور کہا ہے کہ بھاشا ڈیم پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے ہے اور اس منصوبے پر کسی کو خدشات نہیں ہیں، بھاشا ڈیم پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں فردوس شمیم نقوی، ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل، جی ڈی اے کے بیرسٹر حسنین مرزا نے کہا کہ ہم آبی منصوبوں کے خلاف نہیں، لیکن جس منصوبے کو ملکی اکثریت رد کر چکی ہے، وہ منصوبہ تعمیر نہیں ہونا چاہئیے، سندھ سمیت ملک کی تین اسمبلیاں کالا باغ ڈیم کو مسترد کر چکی ہیں، کالا باغ ڈیم قومی مفاد کے خلاف ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی 4 مرتبہ پہلے بھی اس منصوبے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کر چکی ہے، آج ہم پانچویں بار اس متنازعہ منصوبے کو رد کرنے جا رہے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کرپشن چھپانے کیلئے سازشی عناصر نے کالا باغ ڈیم جیسے متنازعہ منصوبے کا شوشا چھوڑا ہے، جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 751884

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751884/کالا-باغ-ڈیم-کیخلاف-سندھ-اسمبلی-میں-متحدہ-اپویشن-کی-قرارداد-جمع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org