1
Monday 24 Sep 2018 23:03

صدر مملکت نے راجہ جلال کو گورنر گلگت بلتستان تعینات کرنیکی منظوری دیدی

صدر مملکت نے راجہ جلال کو گورنر گلگت بلتستان تعینات کرنیکی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت نے راجہ جلال حسین مقپون کو گورنر گلگت بلتستان بنانے کی سمری کی منظوری دیدی، نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا، گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت سے مشاورت کے بعد راجہ جلال کو گورنر بنانے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی تھی جس کی منظوری دیدی گئی ہے۔ پیر کے روز پرائم منسٹر سیکرٹریٹ میں اہم میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین کے ساتھ صوبائی عہدیداروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، اجلاس میں گورنر کی تعیناتی سے متعلق امور کو فائنل کیا گیا، تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات تقی اخونزادہ نے اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ صدر مملکت نے سمری کی منظور دیدی ہے، راجہ جلال گلگت بلتستان کے نئے گورنر ہونگے، راجہ جلال اور پارٹی کارکن چاہتے تھے کہ وہ الیکشن لڑیں اور سیاسی پلیٹ فارم پر عوام کی خدمت کریں لیکن پارٹی کی اعلٰی قیادت کی ہدایت پر گورنر کا عہدہ قبول کیا گیا۔

نوٹیفکیشن آئندہ چوبیس گھنٹوں میں جاری ہوگا، واضح رہے کہ راجہ جلال حسین مقپون اس وقت پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر ہیں گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں راجہ جلال پہلی گنتی کے نتیجے میں نون لیگ کے اکبر تابان کو شکست دے کر کامیاب ہوئے تھے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن بھی منایاتھا تاہم نون لیگ کے اکبر تابان کے مطالبے پر دوسری پھر تیسری گنتی کے بعد راجہ جلال صرف ایک ووٹ سے ہار گئے تھے، راجہ جلال کا موقف ہے کہ انہیں دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا الیکشن ٹریبونل میں یہ کیس اب بھی زیر سماعت ہے، گورنر کا منصب سنبھالنے کے بعد انہیں پی ٹی آئی کی صدارت چھوڑنا پڑے گی ، صوبائی صدر کا عہدہ اب راجہ جلال کی بجائے کسی اور کو دیاجائے گا۔
خبر کا کوڈ : 751958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش