0
Tuesday 25 Sep 2018 18:08

ایران میں ملٹری پریڈ پر حملہ قابل مذمت ہے، صاحبزادہ حامد رضا

ایران میں ملٹری پریڈ پر حملہ قابل مذمت ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ انوار مدینہ اچھرہ لاہور میں علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے تشکیل دیا جائے، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوامی مسائل حل ہوں گے، ہمیں بھارت کی ہر سازش کا موثر جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار رہنا چاہیئے، بھارت میں بڑے عہدے پر بیٹھا چھوٹا شخص الیکشن جیتنے کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے، بھارت کا اچانک پانی چھوڑنا آبی دہشتگردی ہے، پاکستان کو بھارتی شرارتوں سے ہوشیار اور خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب کریں، جنرل اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ بھی اٹھایا جائے، اقوام متحدہ پر گستاخانہ کلچر کیخلاف موثر قانون سازی کیلئے دباؤ ڈالا جائے، قانون ناموس رسالت میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ احتساب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کرپشن کے مقدمات کے فیصلے جلد ہو سکیں، اس وقت 26 احتساب عدالتوں میں 1210 ریفرینسز زیر سماعت ہیں، کرپشن کے مقدمات کے بروقت فیصلوں سے ملک کو 688 ارب روپے مل سکتے ہیں، چیف جسٹس احتساب عدالتوں کو مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت جاری کریں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایران میں ملٹری پریڈ پر حملہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگانے والے امریکہ اور بھارت اپنے گریبان میں جھانکیں، بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان تعاون خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہے، افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان دشمن دہشتگردوں سے پاک کرے، بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 752136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش