0
Tuesday 25 Sep 2018 18:31

قانون ناموس رسالت میں ترمیم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اویس نورانی

قانون ناموس رسالت میں ترمیم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اویس نورانی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ قانون ناموس رسالت میں ترمیم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، گستاخی رسول کا مقدمہ درج کرانیوالے کو مکمل کوائف و ثبوت پیش نہ کرنے پر سزائے موت دینے کی تجویز قرآن و سنت کے منافی ہے، سینٹ میں پیش کردہ مجوزہ بل کی سخت مزاحمت کریں گے، حکومت طے شدہ آئینی اسلامی امور کو چھیڑنے سے باز رہے، توہین رسالت کے مقدمہ کے اندراج کو پیچیدہ نہ بنایا جائے، قانون ناموس رسالت کو غیر موثر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، قانون ناموس رسالت کو چھیڑنے والی حکومت قائم نہیں رہ سکے گی، دین بیزار سیکولر لابی قانون ناموس رسالت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے دفتر میں علماء و مشائخ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ آئین کی اسلامی دفعات کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آئین کی اسلامی شقوں پر موثر عملدرآمد کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ منی بجٹ نے ہر غریب گھر کا بجٹ خراب کر دیا ہے، عمران خان کے سو روزہ پلان پر عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ مودی الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان دشمنی کا چورن بیچنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی وزیراعظم کو بلاوجہ خط لکھ کر ہیرو بننے کی کوشش کرنیوالا زیرو ہو گیا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف اختیار کیا جائے، بھارتی چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے وزیراعظم کو خود جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونا چاہیئے تھا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مزاکرات سے راہ فرار اختیار کی۔ حکومت کا پہلا مہینہ عوام پر بھاری ثابت ہوا ہے۔ عوام پر نئے ٹیکس لگانا کون سی تبدیلی ہے۔ ضمنی الیکشن میں حکومتی جماعت کو شکست ہو گی۔ میاں نواز شریف اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوششیں کریں۔ عوام ایک مہینے میں ہی پی ٹی آئی کی حکومت سے مایوس اور بیزار ہو چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 752143
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش