0
Tuesday 25 Sep 2018 18:58

یورپی یونین امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کیساتھ ادائیگیوں کا نیا نظام متعارف کروائے گی

یورپی یونین امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کیساتھ ادائیگیوں کا نیا نظام متعارف کروائے گی
اسلام ٹائمز۔ یورپی ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ یورپی یونین کے اراکین امریکا کی پابندیوں سے بچتے ہوئے آئل کمپنیوں اور کاروباری اداروں کو ایران سے تجارت کرنے کے لیے ادائیگی کا نظام بنائیں گے۔ امریکا نے ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہوتے ہوئے تہران پر دوبارہ معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایران اور یورپی یونین نے اقوام متحدہ میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی اس حکم عدولی کا اعلان کیا۔ یورپی ممالک نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ قانونی طور پر تجارت کو جاری رکھنے کے لیے اپنے معاشی آپریٹرز کی آزادی کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موغیرینی نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے ہمراہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ تیل سمیت ایران کی برآمدات اور درآمدات سے متعلق نیا میکینزم ادائیگیوں میں سہولت فراہم کرے گا، جبکہ اس سے معاشی آپریٹرز کو ایران سے قانونی تجارت کرنے میں معاونت ہوگی۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ عملی طور پر اس کا مطلب یہ ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک ایران کے ساتھ قانونی مالی ٹرانزیکشنز میں مدد کے لیے ایک قانونی اینٹیٹی بنائیں گے جو یورپی کمپنیوں کو یورپی یونین کے قوانین کے تحت ایران سے تجارت جاری رکھنے کی اجازت دے گی اور جس کے دروازے دنیا کے دیگر پارٹنرز کے لیے کھلے رہیں گے۔ فیڈریکا موغیرینی کا کہنا تھا کہ مشترکہ جامع پلان آف ایکشن کے دیگر اراکین برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس بھی جوہری توانائی کے معاملے میں ایران کی حمایت کے لیے پرعزم رہیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 752151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش