0
Tuesday 25 Sep 2018 22:17

کراچی، گھر کے قریب جھولا جھولنے والا 6 سالہ بچہ اغوا

کراچی، گھر کے قریب جھولا جھولنے والا 6 سالہ بچہ اغوا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں گھر کے قریب جھولا جھولنے کیلئے جانے والے 6 سالہ بچے کو ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان اغوا کرکے لے گئے، اغوا کی اطلاع ملنے پر مغوی کے اہلخانہ اور اہل محلہ نے نیوکراچی پانچ نمبر کے قریب سڑک بلاک کرکے ٹائر نذر آتش کر دیئے، جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ بچے کو جلد از جلد بازیاب کروایا جائے، آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نیوکراچی سیکٹر فائیو ای اکبر آباد میں واقع امام بارگاہ کے قریب لگے جھولے کے پاس سے موٹر سائیکل سوار دو ملزمان چھ سالہ بچے عذیفہ ولد علیم کو اغوا کرکے لے گئے، جس پر اہلخانہ اور اہل محلہ نے بچے کے اغوا کے بعد میں سڑک کو بلاک کرکے ٹائر نذر آتش کر دیئے، جس کے باعث سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی، اس موقع پر رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے کئی مشتعل افراد کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او بلال کالونی ملک افضل بیگ نے بتایا کہ مغوی بچہ گھر کے قریب ہی دیگر بچوں کے ساتھ جھولا جھول رہا تھا کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور بچے کو اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے، جس کی اطلاع ملنے پر اہلخانہ اور اہل محلہ نے مین سڑک کو بند کرنے کے بعد ٹائر نذر آتش کر دیئے، جس کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا ہونے والے بچے عذیفہ کی بازیابی کیلئے پولیس کوششیں کر رہی ہے اور جلد ہی اس کو بازیاب کروا لیا جائیگا، جبکہ مغوی بچے کے اہل خانہ سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد انہیں پُرامن طور پر منتشر کرتے ہوئے سڑک سے ہٹا دیا جائیگا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے نیوکراچی سے بچے کے اغوا کے واقعہ پر ایس ایس پی وسطی سے تفصیلی انکوائری اور وقوعہ کی بابت اٹھائے گئے پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔
خبر کا کوڈ : 752186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش