0
Wednesday 26 Sep 2018 07:05

میں نے ٹرمپ سے گزارش کی ہے کہ ہمیں تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے، شاہ محمود قریشی

میں نے ٹرمپ سے گزارش کی ہے کہ ہمیں تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں ان کا رویہ مثبت تھا اورانہوں نے پاکستان سے تعلقات کی از سرنوبحالی پر اتفاق کیا۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات عشائیے میں صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی اور ان کے ساتھ پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر گفتگو کا موقع ملا۔ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں نے ان سے گزارش کی کہ ہمارا ایک دیرینہ تعلق رہا ہے اور ہمیں اپنے تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے اور صدر ٹرمپ نے اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے ان کا رویہ مثبت دکھائی دیا اور انہوں نے کہا کہ بالکل ہم تعلقات بحال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عشائیے میں سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات ہوئی اور 2 تاریخ کو ہماری دوسری ملاقات طے ہوچکی ہے، جس کے لیے وہ بھی منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان کے بارے میں ان کا رویہ دیکھ کر خوشی ہوئی اور انہوں نے وزیراعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 22 ستمبر کو سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ہمراہ امریکا روانہ ہوگئے تھے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ شاہ محمود قریشی 26 ستمبر کو سارک وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور 29 ستمبر کو پاکستانی وزیر خارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کی حمایت کی ہے، قیام امن کے لیے جدید وسائل کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔ نیو یارک میں ایکشن فار پیس کیپنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 5 دہائیوں میں یو این مشن کے لیے 2 لاکھ سے زائد اہلکار بھیجے، پاکستانی مرد اور خواتین نے یو این امن مشنز کے لیے 46 ملکوں میں کام کیا۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ جدید پیس کیپنگ کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں پیس کیپنگ میں توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں ترک صدر، چین، جاپان، نیپال، سوئٹزر لینڈ اور قطر کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ قطر نے ہنر مند پاکستانی ورکرز کو ایک لاکھ ملازمتیں دینے کی پیش کش کی ہے۔
 

 
خبر کا کوڈ : 752217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش