0
Thursday 27 Sep 2018 15:31

بلوچستان کی تباہی کے ذمہ دار ہم خود ہیں، جام کمال

بلوچستان کی تباہی کے ذمہ دار ہم خود ہیں، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلٰی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں غیر معیاری ترقیاتی منصوبوں کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں سی ایم آئی ٹی کی رپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں کے غیر معیاری کام کے ویڈیو کلپس پیش کئے گئے اور اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں سی ایم آئی ٹی کی ٹیموں نے صوبے کے مختلف ضلعوں میں جاری دو سو سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی معیار کا معائنہ کرکے رپورٹ مرتب کی ہے اور غیر معیاری ترقیاتی منصوبوں کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی سفارش کی ہے۔ کابینہ نے اس امر سے اتفاق کیا کہ وسائل کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کابینہ نے صوبے کے ہر ضلع میں ایک ریزیڈنشل کالج کے قیام کی منظوری بھی دی۔

کابینہ نے ایک تا 18 گریڈ تک کے افسران و اہلکاروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا اختیار متعلقہ محکمے کے انتظامی سیکرٹری کو دینے کا اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو اس ضمن میں سمری وزیراعلٰی کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے صوبے کی یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجوں، ریزیڈینشل کالجر، پولی ٹیکنیک کالجز اور کیڈٹ کالجز سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ کی سب کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا، جو ان اعلٰی تعلیمی اداروں کے معیار کی بہتری اور مسائل کے حل کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، جن پر پورا اترنے کے لئے ہمیں نہ صرف سخت فیصلے کرنے ہوں گے، بلکہ بہت زیادہ محنت بھی کرنا ہوگی۔ ہم گورننس اور مالی وانتظامی نظم ونسق بہتر کرکے عملی طور پر ثابت کریں گے کہ ماضی کی حکومتوں اور موجودہ حکومت میں کتنا فرق ہے۔ نظام کی بہتری کا عمل مشکل ضرور ہے، لیکن ناممکن نہیں ہے۔ ہماری نیت صاف ہے، اس لئے منزل تک پہنچنا آسان ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 752533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش