QR CodeQR Code

امریکہ کیساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات، جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے، ثروت اعجاز قادری

27 Sep 2018 17:23

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس، گورنر ہاؤسز، وزیراعلی ہاؤسز سمیت ایسی تمام عمارتوں کو فروغ تعلیم کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے یا حکومتی آمدن کے لئے 7سٹار ہوٹلز میں تبدیل کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیں اور امریکی مفادات کی بجائے قومی مفاد کے پیش نظر فیصلے ہونے چاہیں۔ انتظامی بنیادوں پر الگ صوبہ جنوبی پنجاب بنایا جائے، پاکستان میں بسنے والے بنگالیوں اور افغانیوں کی صورتحال ایک جیسی نہیں ہے، کچھ لوگ افغانیوں کو بنیاد بنا کر بنگالیوں کو بھی شہریت دینے کی مخالفت کر رہے ہیں، جو کہ غیرمناسب ہے، پاکستان میں بسنے والے بنگالیوں کی پاکستان کے لئے قربانیاں ہیں، جبکہ افغان مہاجرین کا معاملہ کچھ مختلف اور الگ ہے ہم بنگالیوں کو شہریت دینے کی حمایت اور افغانیوں بارے حکومت سے نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر مرزا ارشد القادری کی رہائش گاہ غلہ منڈی میں سینئر رہنماؤں ڈاکٹر عمران مصطفی قادری، خواجہ ندیم مدنی صدیقی ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس، گورنر ہاؤسز، وزیراعلی ہاؤسز سمیت ایسی تمام عمارتوں کو فروغ تعلیم کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے یا حکومتی آمدن کے لئے 7سٹار ہوٹلز میں تبدیل کیا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے سانحہ نشتر پارک کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی فوری طور پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، حکومت عوام پر ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے کرپشن، دہشت گردی میں ملوث افراد کو سزا دینے کے لئے حکومت کو سخت فیصلے کرنے ہوں گے، نئے بلدیاتی نظام کو عوامی امنگوں کے مطابق بنایا جائے، عمران خان نئے پاکستان میں بلدیاتی نظام کو اس کی روح کے مطابق ترتیب دیں۔


خبر کا کوڈ: 752557

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/752557/امریکہ-کیساتھ-برابری-کی-بنیاد-پر-تعلقات-جنوبی-پنجاب-صوبہ-بنایا-جائے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org