QR CodeQR Code

قومی ایکشن پلان کو صرف محراب و منبر کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، طاہر اشرفی

27 Sep 2018 18:22

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ مدارس اور مساجد عوام کے تعاون سے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کر رہے ہیں، مدارس کے ذریعے 30 لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مدارس میں دینی اور دنیاوی تعلیم دونوں دی جا رہی ہیں، اگر حکومت یکساں نصاب تعلیم لانا چاہتی ہے تو مدارس کے ذمہ داران اور تعلیمی ماہرین کو اعتماد میں لے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر اشرفی نے لاہور میں پاکستان علماء کونسل کے مختلف شہروں کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس مساجد کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا، قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، قومی ایکشن پلان صرف محراب و منبر اور مدارس کیخلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، حکومت کے اچھے امور میں تعاون اور غیر شرعی امور میں محاسب کا کردار ادا کریں گے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس اور مساجد عوام کے تعاون سے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کر رہے ہیں، مدارس کے ذریعے 30 لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مدارس میں دینی اور دنیاوی تعلیم دونوں دی جا رہی ہیں، اگر حکومت یکساں نصاب تعلیم لانا چاہتی ہے تو مدارس کے ذمہ داران اور تعلیمی ماہرین کو اعتماد میں لے، یکساں نصاب تعلیم کی مدارس سے زیادہ سکولز اور کالجز کو ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہیے، قومی ایکشن پلان کو صرف محراب و منبر کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو از سر نو خارجہ و داخلہ پالیسی بنانی چاہیے اور اس سلسلہ میں پاکستان علماء کونسل حکومت کیساتھ ہر سطح پر تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوت ناموس رسالت کا قانون ختم یا اس میں ترمیم نہیں کر سکتی، اگر اس طرح کی کوئی سازش کی گئی تو پاکستان کی عوام اسے مسترد کر دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 752562

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/752562/قومی-ایکشن-پلان-کو-صرف-محراب-منبر-کیخلاف-استعمال-نہیں-ہونے-دیں-گے-طاہر-اشرفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org