0
Friday 28 Sep 2018 19:29
ہماری نئی حکومت کو بھی امریکی نامناسب رویّوں کا سامنا ہے، حکمران استقامت دکھائیں

ایران کیخلاف امریکی دھمکیاں اور غیر منصفانہ اقدامات قابل مذمت ہیں، نیاز نقوی

ایران کیخلاف امریکی دھمکیاں اور غیر منصفانہ اقدامات قابل مذمت ہیں، نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے علی مسجد جامعہ المنتظر لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں زور دیا ہے کہ عزاداری کے معنوی پہلو تبلیغ دین پر بھر پور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ کربلاءکے ظاہری پہلو کو تو کامیابی سے نبھانے کیساتھ اس عظیم یاد کے معنوی پہلو کی کامیابی کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ ذاکرین و خطباء کا فرض ہے کہ فضائل اور مصائب کے ذکر کیساتھ ساتھ مقصدِ کربلاء بھی بیان کریں۔ افسوس کچھ جاہل لوگ دینی آگہی کے بجائے، سٹیج حسینی پر اسلامی مقاصد سے ہٹ کر بات کرتے ہیں۔ ایران کیخلاف امریکی دھمکیوں اور غیر منصفانہ اقدامات قابل مذمت ہیں۔ 40 سال سے امریکہ اسی طرح دشمنی کر رہا ہے اللہ اسلامی حکومت کیساتھ ہے لہٰذا امریکہ ایران کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ یہ اہلبیت ؑ کا ملک ہے اور اللہ اس کی حفاظت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نئی حکومت کو بھی امریکی نامناسب رویّوں کا سامنا ہے۔ ہمارے حکمران بھی اگر استقامت سے کام لیں تو اللہ ضرور مدد فرمائے گا۔ نئی حکومت سے ہمیں اچھی توقعات ہیں اگر اس نے اچھے کام کیے تو ہم اس کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام ِ متحدہ کے اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ کی بیہودہ باتوں کی ذمہ دار حلقوں کی طرف سے مذمت قابل تعریف ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ ایام ِ عاشورہ اور بعد میں اسیری کے دوران بے پناہ مصائب و آلام کے باوجود بنت علی سیدہِ زینب سلام اللہ علیہا نے نمازِ شب کو بھی ترک نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کربلاء کے ظاہری پہلو کو تو کامیابی سے نبھایا ہے یعنی دنیا بھر میں عزاداری برپا کرتے ہیں لیکن اس عظیم یاد کے معنوی پہلو کے بارے بھی جائزہ لینا چاہیے کہ اس میں کس حدتک کامیاب ہیں؟ ہمارے گھر، محلے اور معاشرے میں دین کا کس قدر رواج ہو ا ہے؟ نماز، عبادات، اللہ کے حقوق، لوگوں کے حقوق کہاں تک ادا کیے ہیں؟ ذاکرین و خطباء کا فرض ہے کہ فضائل اور مصائب کے ذکر کے ساتھ ساتھ مقصدِ کربلا ءبھی بیان کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ خطبا سامعین کو دین سے آگاہ کریں لیکن افسوس کہ بعض اہل ِ منبر اس کے برعکس عمل کرتے ہیں ۔ اسی منبر سے نماز ، دین ،بزرگانِ دین کا مذاق اڑایا جاتا ہے حتیٰ کہ کفر و شرک کی باتیں کی جاتی ہیں۔ منبر ِ حسینی سے دین کے خلاف کی جانے والی باتوںکو کوئی ذمہ دار انسان برداشت نہیں کرسکتا لیکن افسوس کہ سادہ اور بے خبرلوگ ایسی باتوں پر بھی داد دیتے ہیں۔ دین کی بنیاد تقویٰ ہے جس کی کم از کم تعریف یہ ہے کہ واجبات پر عمل کیا جائے اور محرمات سے پرہیز کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 752688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش