0
Friday 28 Sep 2018 21:06

3 ماہ گزرنے کے باوجود مردان کی خواتین پنک بس سروس سے استفادہ کرنے سے محروم

3 ماہ گزرنے کے باوجود مردان کی خواتین پنک بس سروس سے استفادہ کرنے سے محروم
اسلام ٹائمز۔ مردان میں خواتینن کیلئے مخصوص پنک بس سروس کے افتتاح کو تین ماہ گزر گئے تاہم بسیں مردان کی سڑکوں پر نکلیں نہ ہی خواتین اس منصوبے سے مستفید ہوئیں۔ یاد رہے کہ حکومت جاپان نے جون میں خیبرپختونخوا کی خواتین کیلئے صوبائی حکومت کو 14 بسیں فراہم کی تھیں جن میں سے سات ایبٹ آباد جبہ، سات شہر مردان کیلئے تھیں۔ ذرائع کے مطابق پنک بس سروس کیلئے شہر بھر میں 16 بس سٹاپ بھی بنائے گئے ہیں تاہم ان میں سے کسی ایک پر بھی تاحال کسی پنک بس کو سٹاپ کرنا نصیب نہ ہوا۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو میں اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عثمان محسود کا کہنا تھا کہ یہ بسیں تاحال ضلعی حکومت کے حوالے نہیں کی گئیں اور محکمہ ٹرانسپورٹ ان بسوں کیلئے عملے کی بھرتی، کرایوں کے تعین اور کیمروں کی تنصیب سمیت اس طرح کے دیگر کاموں میں ہنوز مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بسیں ضلعی حکومت کے حوالے کر دی جائیں گی تو انہیں ضرور بروئے کار لایا جائے گا اور یہ کہ ان بسوں میں صرف خواتین سفر کریں گی جبکہ سٹاف بھی خواتین ہی پر مشتمل ہو گا۔

اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک ذمہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ پشاور بس منصوبے کی تکمیل  تک پنک بس سروس بھی تاخیر کا شکار رہے گی کیونکہ اگر دیگر شہروں میں اس طرح کے منصوبے شروع ہو جائیں تو ان کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھائی جائیں گی۔ دوسری جانب بعض ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بسیں پشاور منتقل اور کھلی جگہ کھڑی کی گئیں ہیں جہاں انہیں نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔ ضلع کونسل مردان کی ممبر اور سماجی کارکن نصرت آراء کا پنک بس سروس کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ مردوں نے اس منصوبے کو بھی ہائی جیک کر لیا ہے کیونکہ اس کی افتتاحی تقریب میں خواتین نظر آئیں نہ ہی خواتین کو یہ بسیں تاحال نظر آئی ہیں۔ خواتین کی سفری مشکلات بارے ان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کو خاصی مشکلات درپیش ہوتی ہیں کیونکہ مرد تو کسی نہ کسی طرح اپنے لئے جگہ بنا لیتے ہیں لیکن خواتین گھنٹوں سڑک کنارے ایسی گاڑی کا انتظار کرنے پر مجبور ہوتی ہیں جس میں انہیں بیٹھنے کو جگہ ملے۔
خبر کا کوڈ : 752701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش