0
Saturday 29 Sep 2018 11:45

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ شب بھی موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں اتوار اور پیر کے روز موسم گرم اور خشک رہے گا۔ لاہور میں گزشتہ روز بارش اور ژالہ باری کے بعد درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پنجاب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محمکمہ موسمیات نے بلوچستان کے علاقے قلات اور بارکھان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ہفتہ کو کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ دیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے تمام بڑے شہروں کراچی، حیدر آباد اور  سکھر میں موسم آئندہ تین روز تک گرم اور خشک رہے گا۔ ملک میں بھر میں ہونے والی بارشوں اور بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے سبب دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر سطح آب گنجائش سے زیادہ بلند ہو گئی ہے۔ ہیڈ سلمانکی کے مقام پر پانی کی آمد پانی 37000 کیوسک اور اخراج 26000 کیوسک ہے۔ ہیڈ سلیمانکی زیادہ سے زیادہ تین لاکھ کیوسک تک پانی کنٹرول کر سکتا ہے۔ ایکسیئن ایریگیشن ہیڈ سلیمانکی کی جانب سے نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب راول ڈیم میں سطح آب بلند ہونے کے سبب  سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں اور نالے سے ملحقہ آبادی کو الرٹ کرنے کے لیے سائرن بجا دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 752778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش