QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، شاہ محمود قریشی

29 Sep 2018 12:10

نیویارک میں موجود پاکستانی وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات کی۔ انھوں نے انتونیو گوتریز کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بریفنگ دی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل یو این او انتونیو گوتریز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائیں۔ دورہ امریکا کے لیے نیویارک میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریز سے ملاقات کی، ملاقات میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے ذریعے علاقائی امن کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریز نے عالمی امن کیلیے پاکستانی کوششوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا معتبر شراکت دار ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوتریز کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بریفنگ دی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کردار اور مظالم پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کروائیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے تاہم اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل یو این او سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل یو این او سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کو مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے کیوں کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلیے بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے اور بھارت سے تمام معاملات پر بات چیت کیلیے تیار ہے تاہم اس کے لیے وہ اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریز کو یقین دلایا کہ افغانستان میں بھی مذاکرات سے ہی امن و استحکام لایا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 752795

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/752795/مسئلہ-کشمیر-کشمیریوں-کی-خواہشات-کے-مطابق-حل-ہونا-چاہیے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org