0
Saturday 29 Sep 2018 21:30

طاغوتی قوتیں علماء کا راستہ روک کر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کی کوشش کر رہی ہیں، مولانا راشد سومرو

طاغوتی قوتیں علماء کا راستہ روک کر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کی کوشش کر رہی ہیں، مولانا راشد سومرو
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ناظم انتخابات و متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ کے صدر مولانا راشد سومرو نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام سی پیک کی خالق جماعت ہے، مولانا فضل الرحمٰن نے چین کے ساتھ معیشت کے معاملے پر پہلی مرتبہ بات کی تھی جس کے بعد حکومتوں کے مابین مذاکرات شروع ہوئے اور عملی کام کا آغاز ہوا، گلگت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا راشد سومرو نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلامی تشخص اور شعائر کے تحفظ کے لئے میدان سیاست میں موجود ہے، جو عالمی قوتیں فلسطین، شام، اور دیگر اسلامی ممالک میں افراتفری اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتی ہیں وہی عالمی طاغوتی قوتیں پاکستان میں علماء کا راستہ روک کر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کی کوشش کررہی ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سی پیک بھی مشکوک ہو کر رہ گیا ہے، گذشتہ حکومت میں سی پیک منصوبے کی جو رفتار تھی وہ ٹوٹ گئی ہے، ڈیم بنانے سے قبل صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے، آئندہ انتخابات میں جمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ہر تین سال بعد انٹراپارٹی انتخابات منعقد کراتی ہے، گلگت بلتستان میں رکنیت سازی محدود ہونے کی وجہ سے جے یو آئی کے آئین میں خصوصی حیثیت دینے کی تجویز زیر غور ہے جسے آئندہ مرکزی مجلس عمومی میں پیش کیا جائیگا، دیگر صوبوں سے تین ہزار اراکین پر ایک ممبر کو مرکز میں نمائندگی دی جاتی ہے کوشش ہوگی کہ پانچ سو یا ایک ہزار اراکین پر گلگت بلتستان سے ممبرمنتخب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا روز اول سے اصولی موقف رہا ہے کہ وفاق کو مضبوط کرنے کے لئے صوبوں کو مضبوط کیا جائے، گلگت بلتستان کے حوالے سے بھی ہم اٹھارویں ترمیم کے طرز پر اختیارات کی منتقلی کے حامی ہیں، گلگت بلتستان ملک کا خوبصورت علاقہ ہے اور یہاں کے لوگ محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں تین سال تک اقدامات اٹھاتی تھیں اور تین سال کے بعد ان پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوتا تھا، تحریک انصاف کی پہلی حکومت ہے جو کہ 11 روز کے بعد ہی تنقید کی زد میں آئی ہے، یہ تنقید مخالفین نے نہیں کی ہے بلکہ میڈیا نے شروع کی ہے جمعیت علماء اسلام نے نئی حکومت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اسی لئے تحریک انصاف ہماری نظر میں ٹیسٹ پیریڈ سے گزر رہی ہے اس کے بعد ہمارا مرحلہ شروع ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 752917
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش