QR CodeQR Code

میں اور میرا خاندان عقیدہ ختم نبوت کے معاملے میں بہت حساس ہیں، حماد اظہر

30 Sep 2018 14:41

وفاقی وزیر مملکت کا عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ ہم عقیدہ ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہماری حکومت 295 سی تحفظ ناموس رسالت ایکٹ میں کوئی بھی ترمیم نہیں کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے وفد نے وفاقی وزیر مملکت حماد اظہر سے ملاقات کی۔ تحفظ ناموس رسالت قانون کے حوالے سے پائی جانیوالی تشویش کے بارے میں آگاہ کیا۔ حماد اظہر نے علماء سے گفتگو میں کہا کہ اس بل کا مجھے علم نہیں تھا، میں اور میرا خاندان تحفظ ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کے معاملے میں بہت حساس ہیں۔ حماد اظہر نے کہا کہ ہم عقیدہ ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہماری حکومت 295 سی تحفظ ناموس رسالت ایکٹ میں کوئی بھی ترمیم نہیں کرے گی۔ وفد میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکر، پیر رضوان نفیس، مولانا عبدالنعیم، مولانا عبدالعزیز، حافظ نصیراحمد احرار، مولانا عبدالشکور یوسف، یاسین فاروقی و دیگر علماء شامل تھے۔

علماء نے حماد اظہر اور ان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خالد مقبول صدیقی نے یہ بل پیش کر کے مسلمانوں کو تکلیف پہنچائی ہے، اس کی فی الفور انکوائری کرائی جائے تاکہ اس سلسلے میں جو ملوث ہیں وہ کردار قوم کے سامنے آئیں۔ وفاقی وزیر مملکت حماد اظہر نے علماء کو یقین دلایا کہ حکومت آئندہ ان معاملات پر کڑی نظر رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر بنا تھا اور ہماری حکومت پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کیلئے اقتدار میں آئی ہے، یہاں ناموس رسالت کیخلاف کوئی قانون بنے گا نہ ہی کس کو توہین رسالت کرنے کی اجازت دی جائے گی بلکہ توہین رسالت ایکٹ میں ترمیم کا بھی سوچا بھی نہیں جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 753056

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/753056/میں-اور-میرا-خاندان-عقیدہ-ختم-نبوت-کے-معاملے-بہت-حساس-ہیں-حماد-اظہر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org