0
Sunday 30 Sep 2018 21:04

پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، ثروت اعجاز قادری

پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جس کے ٹھوس شواہد پاکستان کے پاس موجود ہیں، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں دہشتگردی کے جال بچھائے ہوئے تھے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھارت کو منہ توڑ جواب کا خیر مقدم کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارت خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، بھارت دھونس، دھمکیوں اور جھوٹے الزمات کا سلسلہ بند کرے، پوری دنیا پر واضح ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اور انتہاپسند ہندو مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہے ہیں، مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں، لیکن جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، تو بھارت دنیا کے نقشے پر نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خٓرجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ میں پاکستان کی قومی زبان میں خطاب قابل تحسین عمل ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارت پاکستانی حکومت کے خلاف جھوٹے اور اشتعال انگیز بیان بند کرے، انسانیت سوز مظالم اور دہشتگردی کرنے والا بھارت زہریلے بیان ہی دے سکتا ہے، بھارتی حکومت خود انتہاپسند ہندوؤں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے، ہمیں ہر حال میں پاکستان کی سلامتی و تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج اور دشمن کے دانت کھٹے کرنا اچھی طرح جانتی ہے، ملک کی خودمختاری اور سلامتی کیلئے جو بھی قدم پاک فوج اٹھائے گی، عوام ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستانی قوم ملک کے دفاع، خودمختاری اور سلامتی کیلئے حکومت اور فوج کے ساتھ ملکر ملک دشمن قوتوں سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 753124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب