QR CodeQR Code

کراچی، جبری عمرہ ٹیکس واپس نہ لینے پر سعودی قونصلیٹ کے گھیراﺅ کا اعلان

30 Sep 2018 21:57

کراچی پریس کلب پر احتجاجی مطاہرے سے خطاب کرتے ہوئے گروپ کے چیئرمین اشرف ہاشمی اور پاکستان سنی موومنٹ کے چیئرمین شاہ سراج الحق قادری نے کہا کہ 2 ہزار ریال اضافی ٹیکس نہیں بلکہ بھتہ ہے، جس پر پاکستانی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، ہم سعودی حکومت کے جانبدارانہ فیصلے اور ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستانی عمرہ زائدین پر سعودی حکومت کی جانب سے دوبارہ عمرہ کرنے پر دو ہزار ریال جبری ٹیکس لگانے کے خلاف کراچی میں سڑکوں پر احتجاج شروع ہوگیا۔ آل پاکستان حج عمرہ گروپ اور پاکستان سنی موومنٹ کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی موومنٹ کے چیئرمین شاہ سراج الحق قادری اور آل پاکستان حج عمرہ گروپ کے چیئرمین محمد اشرف ہاشمی نے کہا کہ سعودی حکومت کو کوئی حق نہیں کہ وہ مکہ اور مدینہ جانے کے خواہشمند زائرین سے اضافی ٹیکس وصول کرے، اب صورتحال یہ ہے کہ اگر دو سال کا بچہ بھی اپنے والدین کے ساتھ دوبارہ عمرے پر جانا چاہے، تو اسے بھی 2 ہزار ریال اضافی دینا پڑ رہے ہیں، یہ ٹیکس نہیں بلکہ بھتہ ہے، جس پر پاکستانی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ ہم سعودی حکومت کے جانبدارانہ فیصلے اور ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اگر سعودی حکومت کی جانب سے دو ہزار ریال جبری ٹیکس کا فیصلہ فوری واپس نہ لیا گیا، تو کراچی میں لاکھوں مسلمان سعودی قونصل خانے کا گھیراﺅ کرینگے اور دھرنا دینگے، یہ اجتماع دو ہزار ریال جبری ٹیکس کی واپسی تک جاری رہے گا۔

شاہ سراج الحق اور اشرف ہاشمی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری سعودی حکومت سے رابطہ کریں اور دو ہزار ریال جبری ٹیکس کی وصولی کے علاوہ اعجاز کمپنی سے بائیو میٹرک کرانے کا فیصلہ بھی واپس کرائیں۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے ملک بھر کے تمام مذہبی و سیاسی رہنماﺅں اور ٹریول ایجنٹس سے بھی پُرزور اپیل کی کہ وہ 2 ہزار ریال جبری ٹیکس واپس کرانے کی مہم میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں اور لاکھوں مسلمانوں کی دعائیں لیں، کیونکہ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بار بار مکہ اور مدینہ کی زیارت کرے اور دوبارہ عمرے پر ٹیکس کی جبری وصولی سے لاکھوں مسلمان دوبارہ عمرہ کرنے کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 753137

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/753137/کراچی-جبری-عمرہ-ٹیکس-واپس-نہ-لینے-پر-سعودی-قونصلیٹ-کے-گھیراﺅ-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org