0
Monday 1 Oct 2018 00:46

سیاستدانوں کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی شدید مذمت

سیاستدانوں کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی سیاسی قیادت نے بھارتی فوج کی جانب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے قریب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے ہیلی کاپٹر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ پاکستانی سیاسی قیادت نے بھارت کے بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت الیکشن کیلئے ایسا ماحول پیدا کر رہا ہے، عالمی برادری بھارت کے جارحانہ رویےکا نوٹس لے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو ٹیلی فون کیا اور بھارتی فوج کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیرکے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے میں کسی حادثے کا موجب نہ بن جائیں، بھارتی رویہ اور اقدامات افسوسناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیشگی اطلاع کے باوجود ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانا عالمی اور دوطرفہ قوانین کی خلاف ورزی ہے جب کہ فائرنگ بھارتی بزدلانہ رویے کا مظہر ہے۔ شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر بھارت سے جواب طلب کرے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان سے اختلافات کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی وزیراعظم آزاد کشمیر کے سول ہیلی کاپٹر پر فائرنگ قابل مذمت ہے، چھیڑ چھاڑ سے بھارت اپنی عوام کو طاقت کے جھوٹے فریب میں مبتلا رکھنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین عسکری قوت بھی ہے اور بھارت کو ہمارے زورِ بازو کا خوب اندازہ ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کو اپنی برتری کا جھوٹا تاثر دیتا رہتا ہے۔

حریت کانفرنس کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ کسی کشمیری پر حملہ انفرادی واقعہ نہیں ہوتا بلکہ یہ بھارت کی ریاستی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نہتی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارتی فوجی کشمیریوں کی لاشیں غائب کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے اور  بھارت میں 8 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کر رہی ہے۔ مشال ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر نے لائن آف کنٹرول کراس نہیں کی تھی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، چوہدری عبدالعزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے گئے تھے اور تروڑی میں کنٹرول لائن کے نہایت قریب ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہےتھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ طے شدہ حد سے معمولی آگے چلا گیا جس پر بھارتی چوکی پر تعینات اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کردی۔ دونوں افواج فوجی ہیلی کاپٹر کی ایل او سی کے نزدیک اڑنے کی اطلاع ایک دوسرےکو پیشگی دیتی ہیں لیکن گھبرائی ہوئی بھارتی فوج اور میڈیا نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے سول سفید سفری ہیلی کاپٹر کو پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بنا دیا۔ خوش قسمتی سے بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی نقصان ہیں ہوا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت حویلی اُتار لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 753159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش