0
Monday 1 Oct 2018 18:17

حکومت کا جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ

حکومت کا جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں حکومت نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو معاملہ کے متعلق احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے جھوٹی خبروں سے متعلق کیسز کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ تحقیقات کے بعد نام سامنے آ جائیں گے، جس سے علم ہوگا کہ کون کون اس معاملہ میں ملوث ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات بھی جعلی مواد کے متعلق تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ جعلی نوٹیفکیشن اور خبریں منظم طریقے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ ایک عشائیہ سے شروع ہوا اور اب غلاظت کا پھیلاؤ ایک سلسلہ بن چکا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا میں شہریوں کی آزادی کو متاثر کیے بغیر ہمیں جعلی خبروں کے اس سلسلہ کو روکنا ہے۔ گزشتہ دنوں ایک نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر زیرگردش رہا جس میں کہا گیا تھا کہ ملائکہ بخاری نامی خاتون کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چئیرپرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ ملائکہ بخاری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کی بہن ظاہر کیا گیا تھا۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس نوٹیفیکیشن کو شیئر کر کے حکومت پر تنقید کی جاتی رہی کہ وہ اپنوں کو نوازے میں مصروف ہے۔ ملائکہ بخاری نے ٹویٹ کرکے اس بات کی تردید کی کہ انہیں نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا چئیرپرسن بنایا گیا ہے اور نہ ہی وہ زلفی بخاری کی رشتہ دار ہیں۔ پاکستان دنیا کے ان ملکوں میں شامل کیا جاتا ہے جہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی تیزی سے فروغ پانے کے بعد روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔ 15 کروڑ 10 لاکھ موبائل فون صارفین کیساتھ پاکستان میں ٹیلی ڈینسیٹی کی شرح تقریبا 73 فیصد ہے۔ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے مطابق ملک میں 6 کروڑ 10 لاکھ افراد براڈ بینڈ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں جب کہ تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ استعمال کرنیوالوں کی تعداد پانچ کروڑ 90 لاکھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 753248
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش