QR CodeQR Code

اقوام متحدہ میں تقریریں کرنا آسان اور عملدرآمد کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، سردار اختر مینگل

2 Oct 2018 14:14

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بی این پی (مینگل) کا کہنا تھا کہ ہر ادارہ اپنی حدود میں کام کریگا تو ہی پاکستان ترقی کریگا۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ گمشدہ افراد کو واپس لایا جائیگا، لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع نہ کرائے گئے تو اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔ حکومت نے ابھی تک گمشدہ افراد کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ اقوام متحدہ میں تقریریں کرنا آسان اور عملدرآمد کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ اقوام متحدہ میں تقریریں کرنا آسان اور ان پر عملدرآمد کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کی جانب سے ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ دونوں ممالک کے مابین معاملات بہتر کرنے کیلئے عملی طور پر ایک دوسرے کے معاملات میں دخل اندازی ختم کرنا ہوگی۔ دنیا بھر میں کوئی ملک اپنے ہمسائیے تبدیل نہیں کر سکتا، اس لئے اچھا لگے یا برا، لیکن ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے، لیکن صوبوں کو اس حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ بلوچستان وہ صوبہ ہے جس کی وجہ سے سی پیک کا منصوبہ بن رہا ہے۔ اگر گوادر نہ ہوتا تو سی پیک بھی نہ ہوتا۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی عملی طور پر آزاد نہیں ہے، جس کی وجہ سے پاکستان پر الزامات لگائے جاتے ہیں۔ ہر ادارہ اپنی حدود میں کام کرے گا تو ہی پاکستان ترقی کرے گا۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ گمشدہ افراد کو واپس لایا جائے گا، لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 753423

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/753423/اقوام-متحدہ-میں-تقریریں-کرنا-آسان-اور-عملدرآمد-بہت-مشکل-ہوتا-ہے-سردار-اختر-مینگل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org