0
Tuesday 2 Oct 2018 14:47

خیبر پختونخوا پولیس، فرائض میں غفلت برتنے والے ہزاروں افسروں و جوانوں کو سزائیں

خیبر پختونخوا پولیس، فرائض میں غفلت برتنے والے ہزاروں افسروں و جوانوں کو سزائیں
اسلام ٹائمز۔ محکمہ پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے اب تک فرائض میں غفلت اور عوامی شکایات پر مختلف رینک کے 8635 افسروں و جوانوں کو مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔ آئی جی پی صلاح الدین محسود کے حکم پر محکمہ پولیس خیبر پختونخوا میں جزا و سزا کا عمل مزید موثر بنا دیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے آئی جی اپنے ذاتی موبائل کے ذریعے بھی عوام کی شکایات وصول کرکے اس پر باقاعدہ انکوائری کا حکم صادر کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سنٹرل پولیس آفس پشاور میں واقع دفتر ڈی آئی جی انکوائری اینڈ انسپکشن میں بھی شکایات کنندہ گان اپنی شکایات کا اندراج کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ایکسس سروس میں بھی مختلف ذرائع سے شکایات درج کی جاسکتی ہیں۔

اس سلسلے میں عوام کی جانب سے مختلف ذرائع بشمول پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا (فیس بُک، وٹس ایپ، ٹویٹر وغیرہ) سے موصول شدہ شکایات پر ضروری کارروائی عمل میں لانے کے بعد پچھلے 5 سالوں کے دوران 21 ڈی ایس پیز کو مختلف سزائیں دی گئی ہیں جن میں 13 ڈی ایس پیز کو ملازمت سے برخاست/جبری ریٹائرڈ کردیا گیا ہے، جبکہ 8 کی تنزلی کر دی گئی ہے۔ اسی طرح 94 انسپکٹرز کو بھی مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئی ہیں جن میں 8 کو ملازمت سے برخاست/جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ 86 کی تنزلی کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 692 سب انسپکٹرز کو بھی مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئی ہیں جن میں 55 کو ملازمت سے برخاستگی یا جبری ریٹائرمنٹ جبکہ 637 کی تنزلی کر دی گئی ہے۔

سزا کی فہرست میں 830 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں جن میں 52 کو ملازمت سے برخاست/جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ 778 کو تنزلی یا دیگر سزا دی گئی ہے۔ اسی طرح 1176 ہیڈ کانسٹیبلان بھی قانون کے شکنجے میں آچکے ہیں جن میں 92 کو ملازمت سے برخاست/جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ 1084 کو تنزلی یا دیگر سزا دی گئی ہے۔ مزید یہ کہ 5822 کانسٹیبل کو بھی مختلف نوعیت کی سزائیں ہوئی ہیں جن میں 809 کو ملازمت سے برخاست/جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ 5013 کو تنزلی یا دیگر سزا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سزائیں تمام قانونی تقاضے پوری کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی ہیں اور تمام اہلکاروں کو اپنی صفائی پیش کرنے کا پورا پورا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ آئی جی پی نے واضح کیا ہے کہ پولیس فورس میں جزا و سزا کا عمل برابر جاری رہے گا، بُرے کا موں پر سزا جبکہ اچھے کاموں پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 753434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش