0
Tuesday 2 Oct 2018 14:49

ایران ہمسایہ ممالک کیساتھ معاملات کو بہتر بنانے کیلئے تیسری قوت کا منتظر نہیں، مہدی ہنر دوست

ایران ہمسایہ ممالک کیساتھ معاملات کو بہتر بنانے کیلئے تیسری قوت کا منتظر نہیں، مہدی ہنر دوست
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاک ایران دو طرفہ تجارتی حجم گذشتہ چار ماہ کے دوران 46 فیصد بڑھا ہے۔ نئی حکومت کے ساتھ دو طرفہ تجارتی اہداف کے حصول اور بینکنگ چینلز کی فعالیت سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی ہے۔ ایرانی حکام اور عوام عالمی سامراج کی تمام تر سازشوں اور مشکلات کے باوجود بھی انقلاب ایران کے بنیادی اصولوں پر کاربند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پہنچنے کے بعد ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خان خلجی، صدر چیمبر آف کامرس جمعہ خان بادیزئی، سینیئر نائب صدر صلاح الدین خلجی، پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ولی محمد نورزئی، فیڈریشن آف کامرس کے حاجی عبداللہ اچکزئی، سابق سینیئر نائب صدر محمد ایوب خلجی، حاجی فوجان بڑیچ و دیگر نے ایرانی سفیر اور ان کے وفد میں شامل افراد کا استقبال کیا۔

اس سے قبل چیمبر آف کامرس کے سابق سینیئر نائب صدر حاجی ایوب خلجی نے چیمبر آف کامرس کی سالانہ کارکردگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت کی روز اول سے کوشش رہی ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو روز افزوں ترقی ملے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ 14 اور 15 اکتوبر کو جوائنٹ ٹریڈ میٹنگ میں دوطرفہ تجارتی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے چین کی طرز پر ایران کے ساتھ ایف ٹی اے آزاد تجارتی معاہدہ کی بھی تجویز دی۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے پاکستان میں متعین سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ انہیں بلوچستان اور کوئٹہ آمد پر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ آج کا یہ پروگرام اور ملاقات دوستی کے آغاز کا دن ہے۔ ہم آج ایسے نکات کو بیان کریں گے، جو قابل بحث و عمل ہوں۔ اسلامی دنیا میں موجودہ حالات اور ناخوشگوار صورتحال کے پیچھے عالمی سامراج کا ہاتھ ہے۔ اس وقت ایران عالمی سامراج کے مقابلے کی قیمت ادا کر رہا ہے۔ آزادی اور استقلال کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ عالمی سامراج مختلف حوالوں سے ہم پر حملہ آور ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ دشمنوں نے چار دہائیوں سے ایران کے خلاف ہر طرح کی سازشیں کی ہیں، جن میں عراق کے ساتھ آٹھ سالہ جنگ، اقتصادی پابندیاں اور دہشتگردی کے واقعات شامل ہیں، لیکن اس کے باوجود بھی ایرانی قوم اور اس کے قائدین انقلاب اسلامی ایران کے بنیادی اصولوں پر سختی سے کاربند ہیں۔ ہم تیسری قوت کے منتظر نہیں، بلکہ ایران اپنے معاملات اپنے ہمسائیوں کے ساتھ مل کر بہتر بنائے گا۔ خطے کے موجودہ حالات اور ہمیں درپیش مشکلات کا سبب عالمی سامراج ہے۔ پاکستان اور ایران ہر طرح کے حالات اور مشکلات میں ہمیشہ ساتھ رہے ہیں، جس کا واضح مثال دو طرفہ تجارت کے حجم میں 130 ارب ڈالر کا اضافہ ہے۔ گذشتہ چار ماہ کے دوران دو طرفہ تجارت میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے، بلکہ دو طرفہ تعاون کے ذریعے اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 753435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش