QR CodeQR Code

ماہ ستمبر میں کراچی پولیس کے ہاتھوں 127 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

2 Oct 2018 23:14

کراچی کے مختلف اضلاع میں پولیس چھاپہ مار ایکشن کے دوران 641 مفرور اور 82 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 14 رائفلیں، 6 ریپیٹرز، 650 پستول، 10 ریولورز، 4 ماؤزر اور ایک خنجر سمیت دو عدد ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے خلاف جاری جنگ کو مذید مؤثر اور مربوط بنانے کیلئے باہمی رابطوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں و انٹیلی جینس ایجینسیوں سے تمام تر رابطوں کو بھی مذید تقویت دی جائے، یہ ہدایات انہوں نے گذشتہ ماہ کے دوران کراچی پولیس کی مجموعی کارکردگی پر مشتمل ایک رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیں۔ کراچی پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسداد جرائم کے ضمن میں گذشتہ ماہ کے دوران شہر بھر میں ضلعی سطح پر کی جانیوالی پولیس کاروائیوں، مقابلوں اور چھاپوں میں مجموعی طور پر 801 ڈکیت و کرمنلز کو گرفتار کیا گیا، جس میں 127 اسٹریٹ کرمنلز بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 690 کی تعداد میں مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز کے مختلف اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر سے 55 پولیس مقابلوں کے دوران 60 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جبکہ پولیس کی دفاعی کارروائی کے نتیجے میں چار ڈکیت ہلاک ہوئے، علاوہ ازیں مذکورہ دورانیے میں جرائم پیشہ عناصر کے ختم کئے جانیوالے گروہوں کی تعداد 54 رہی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں پولیس چھاپہ مار ایکشن کے دوران 641 مفرور اور 82 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 14 رائفلیں، 6 ریپیٹرز، 650 پستول، 10 ریولورز، 4 ماؤزر اور ایک خنجر سمیت دو عدد ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 753537

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/753537/ماہ-ستمبر-میں-کراچی-پولیس-کے-ہاتھوں-127-اسٹریٹ-کرمنلز-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org