0
Wednesday 3 Oct 2018 09:30

لوٹی گئی رقم کی پائی پائی وصول ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سراج الحق

لوٹی گئی رقم کی پائی پائی وصول ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہور میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں احتساب کے موثر نظام کیلئے کوشاں ہے، جب تک قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بااثر مجرم آزاد ہیں اور مگر مچھوں کی بجائے چھوٹی مچھلیوں کو پکڑا جاتا رہے گا،  کرپشن ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک باہر پڑی دولت کی واپسی کا کوئی میکنزم نہیں بنایا، لندن، دبئی اور پانامہ میں جن جائیدادوں کا سراغ لگا ہے، ابھی تک ان کے مالکان پر بھی ہاتھ نہیں ڈالا جا رہا، ملک میں اربوں روپے کے بے نامی اکاؤنٹس سامنے آرہے ہیں لیکن یہ رقم کہاں سے آئی؟ کچھ معلوم نہیں، عام آدمیوں کے بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل ہو رہے ہیں جس سے اکاؤنٹ ہولڈرز خود لاعلم ہیں، یہ ایک معمہ ہے جو حل نہیں ہو رہا۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جس کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کیا تھا، اسے ہم جاری رکھیں گے اور چوروں اور لٹیروں سے لوٹی گئی دولت کی پائی پائی وصول ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نے پانامہ لیکس کے 436 ملزموں کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے لیکن ابھی تک اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، جب تک پانامہ کے تمام کرداروں، بینکوں سے قرضے لیکر معاف کروانے والوں اور اپنے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھا کر دولت کے انبار لگانے والوں کو نہیں پکڑا جاتا اور ان سے دولت وصول نہیں کی جاتی، احتساب کا عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب بھی ابھی تک بڑے مگر مچھوں اور رسہ گیروں پر ہاتھ ڈالنے سے ہچکچا رہا ہے، نیب نے خود کو متنازعہ بناکر احتساب کے عمل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ قوم نتائج دیکھنا چاہتی ہے، اب عوام طفل تسلیوں کے بجائے ریلیف چاہتے ہیں، جب تک عوام چوروں کا کڑا احتساب ہوتا اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھیں گے، انہیں حکومتی دعوؤں پر یقین نہیں آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 753582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش