QR CodeQR Code

گورنر شاہ فرمان کی اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق سے ملاقات

3 Oct 2018 13:32

گورنر نے جے یو آئی (س) کے سربراہ سے ملاقات میں کہا کہ دینی تعلیم کے فروغ میں دینی مدارس کا کردار مسلمہ ہے اور اس سلسلے میں حکومت بھی انکی کا وشوں کا حترام کرتی ہے۔ کسی بھی نوع کے یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کی جائیگی، درحقیقت حکومت کا مقصد دینی مدارس کے طلباء کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بعض شعبوں میں جدید علوم سے آراستہ کرکے ان کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان منگل کے روز اکوڑہ گئے جہاں انہوں نے جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ وہ کچھ دیر مولانا کے ساتھ رہے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی۔ مولانا سمیع الحق نے اس موقع پر اگلے روز افغان وفد کے ساتھ اپنی ملاقات کا بھی ذکر کیا جس پر گورنر نے کہا کہ بلاشبہ قیام امن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور یقیناً وہ اس نوع کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مختلف دیگر امور کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دینی تعلیم کے فروغ میں دینی مدارس کا کردار مسلمہ ہے اور اس سلسلے میں حکومت بھی ان کی کا وشوں کا حترام کرتی ہے۔ گورنر نے مولانا سمیع الحق کے دینی اور سیاسی خدمات کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت بھی ان کی تجاویز کا احترام کرتی ہے۔ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے بعض رپورٹس کے بارے میں مولانا سمیع الحق کی جانب سے تشویش کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی نوع کے یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت حکومت کا مقصد دینی مدارس کے طلباء کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بعض شعبوں میں جدید علوم سے آراستہ کرکے ان کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ گورنر نے مولانا سمیع الحق کی صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 753625

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/753625/گورنر-شاہ-فرمان-کی-اکوڑہ-خٹک-میں-مولانا-سمیع-الحق-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org