کراچی، اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے سے 2 گمشدہ بچے بازیاب
3 Oct 2018 14:43
ایڈیشنل آئَی جی امیر شیخ کے مطابق کراچی میں گھر سے بھاگنے والا 10 سالہ سجاد فیصل آباد سے مل گیا، جسے پنجاب چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے عملے نے سندھ پولیس کے حوالے کیا، جبکہ دوسری 4 سالہ بچی ام فروا کراچی سے ملی ہے۔ دونوں بچوں کو پولیس نے قانونی کاروائی کے بعد ان کے والدین کے حوالے کردیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ کراچی سمیت سندھ بھر سے لاپتہ 22 بچوں کے اشتہارات اخبارات میں شائع کرانے سے دو گمشدہ بچے مل گئے، جنہیں والدین کے حوالے کردیا گیا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق کراچی پولیس اور روشنی ہیلپ لائن کی جانب سے 24 ستمبر کو 22 گمشدہ بچوں کی تصاویر اور تفصیلات کے اشتہارات اردو، سندھی اور انگریزی اخبارات میں شائع کرائے گئے تھے۔ اس کوشش سے کراچی میں گھر سے بھاگنے والا 10 سالہ سجاد فیصل آباد سے مل گیا، جسے پنجاب چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے عملے نے سندھ پولیس کے حوالے کیا، جبکہ دوسری 4 سالہ بچی ام فروا کراچی سے ملی ہے۔ دونوں بچوں کو پولیس نے قانونی کاروائی کے بعد ان کے والدین کے حوالے کردیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق گزشتہ ہفتوں میں کراچی سے لاپتہ ہونے والے بیشتر بچے بھی مل چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 753668