0
Wednesday 3 Oct 2018 18:00

گوادر، سعودی عرب کے وفد کا خصوصی دورہ

گوادر، سعودی عرب کے وفد کا خصوصی دورہ
اسلام ٹائمز۔ سی پیک میں تیسرے اسٹرٹیجک پارٹنر اور پاکستان کے اہم اتحادی سعودی عرب کا اعلٰی سطح کا سرکاری وفد گوادر پہنچ گیا۔ وفد کی سربراہی سعودی مشیر برائے توانائی، صنعت اور معدنیات احمد حمد الغامدی کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کے 6 رکنی وفد میں مختلف شعبوں کے ماہرین اور اعلٰی حکام بھی شامل ہیں، جنہوں نے گوادر بندرگاہ، کارواٹ ڈی سیلینیشن پلانٹ اور گوادر فری زون کا دورہ کیا اور گوادر بندرگاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، بعدازاں سعودی عرب کے وفد نے گوادر بندرگاہ اور سی پیک سے متعلق ایک بریفنگ میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی اور ادارہ ترقیات گوادر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سجاد حسین نے سعودی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ان شعبوں کی نشاندہی کی، جس میں سعودی عرب سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔ وفد کو بتایا گیا کہ گوادر میں سی پیک پراجیکٹ کے تحت 80 ہزار ایکڑ پر میگا آئل سٹی تعمیر کیا جائیگا، جس کے ذریعے گوادر سے چین تک درآمد شدہ تیل بجھوایا جائیگا۔ یہ تیل خلیجی ممالک سے درآمد کیا جائیگا اور گوادر آئل سٹی میں ذخیرہ کیا جائیگا۔ یہ چین تک تیل پہنچانے کا مختصر ترین راستہ ہوگا۔ گوادر میں دنیا کی بڑی آئل ریفائنریز میں سے ایک ریفائنری بھی لگائی جائیگی، جس سے پاکستان اور چین سمیت وسط ایشیائی ممالک کے تیل کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ پاکستانی حکام نے وفد کو بتایا کہ آئل سٹی سمیت گوادر اور سی پیک پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔

بلوچستان میں موٹر ویز اور ریلوے نیٹ ورک کی نئی تعمیرات میں سعودی کمپنیاں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ بریفنگ میں ان شعبوں کی خاص طور پر نشاندہی بھی کی گئی، جس میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ سعودی وفد کو علاقے میں سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور سکیورٹی کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سعودی وفد نے گوادر میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور یہاں دستیاب سہولتوں اور سکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہر مشکل وقت میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ رہا ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے سعودی حکام کو سی پیک میں تیسرا فریق بننے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی، جسے سعودی حکام نے قبول کیا تھا۔ سعودی وفد کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی بتائی جاتی ہے۔ سعودی عرب نے اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 753717
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش