0
Wednesday 3 Oct 2018 21:55

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمیں صرف پاکستانی ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی، ثروت اعجاز قادری

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمیں صرف پاکستانی ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو عوام دوست پالیسیوں کے تحت ہی ترقی پر گامزن کیا جا سکتا ہے، آئی ایم ایف کے قرضے لینے سے ترقی نہیں، بلکہ غریبوں کو مزید بوجھ اٹھانا پڑتا ہے، کے الیکٹرک کراچی میں بجلی کے مصنوعی بریک ڈاؤن جیسے عوام دشمن اقدامات سے باز رہے، کرپشن کو ختم کئے بغیر ملک ترقی کی جانب گامزن نہیں ہو سکتا، معاشی دہشتگردی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، پاکستان کو دہشتگردی کے ذریعے کمزور کرنے کی اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، فرقہ واریت ملک کیلئے زہر قاتل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کرپشن کی دیمک نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے اور انشاء اللہ یہ رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین سے دوری کی وجہ سے آج مسلمان مصائب وآلام میں مبتلا ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ایک اللہ، ایک رسولؐ، ایک قرآن کے ماننے والوں کے اتحاد و یکجہتی کو ختم کرنے کیلئے اسلام دشمن طاقتیں سازش کر رہی ہیں، حکومت فرقہ واریت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگی، دشمن پاکستان کی ترقی و خوشحالی سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمیں صرف اور صرف پاکستانی ہو کر جدوجہد کرنی ہوگی، پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہم اپنی پہچان پر آنچ آتا نہیں دیکھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دیں، مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہے، دہشتگردی کا خاتمہ کرکے ہی ملک کو آگے کی طرف لیجایا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 753763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش