0
Friday 5 Oct 2018 17:08
امور خارجہ سے متعلق حکومتی بیانات غیرذمہ درانہ اور بچکانہ ہیں

پی پی پی نے نون لیگ کیساتھ شادی نہیں کی، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے، بلاول بھٹو

پی ٹی آئی مسائل سے توجہ ہٹا کر ڈرامے بازی کر رہی ہے
پی پی پی نے نون لیگ کیساتھ شادی نہیں کی، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں تاہم پیپلزپارٹی عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔ سرگودھا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کی کارکردگی عوم کے سامنے ہے، عوام نے اس امید کے ساتھ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا کہ تبدیلی آئے گی، عمران خان نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے اور 50 لاکھ گھر بنائیں گے تاہم پرانے بجٹ سے عوام بہت مایوس ہوئے، ضمنی بجٹ میں روزگار کا ذکر ہے اور نہ نیا انقلابی قدم اٹھایا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں تعلیم اور صحت سمیت ہر جگہ کٹ لگایا گیا، گیس اور بجلی پر ٹیکس میں اضافے سے غریب عوام متاثر ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں تاہم پیپلز پارٹی عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات اقوام متحدہ، اسکاٹ لینڈ یارڈ سمیت دیگر قومی اداروں نے کی، جس کیس کا فیصلہ جلد آنا چاہیے تھا وہ کیس 10 سال چلا اور فیصلے میں دہشت گرد اور سہولت کاروں کو رہا کردیا گیا جب کہ فیصلے میں ملزمان کو کلین چٹ اور پرویز مشرف کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔

ضمنی انتخابات میں نون لیگ اور پی پی پی کے اتحاد سے متعلق صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ نون لیگ نے پی پی پی رہنماؤں کی کردار کشی کی ہے، تاہم ضمنی انتخابات میں پی پی نے نون لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے، نون لیگ کے ساتھ شادی نہیں کی ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی فارن پالیسی سے متعلق بیانات غیر ذمہ درانہ اور بچگانہ ہیں، پاکستان انتہائی اہم ملک ہے اور اہم سٹریٹجک حیثیت کا مالک ہے، حکومت کو اس بارے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ٹرمپ سے ملاقات بارے بتایا تاہم امریکہ نے اسے مسترد کیا اور کہا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ عدالتی نظام سے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی انصاف نہیں مل سکا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے کیا تھا۔ شہباز شریف کی نیب سے گرفتاری بارے انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کے بارے میں انہیں علم نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 754064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش