QR CodeQR Code

ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہماری تمام تر جدوجہد کا محور ہے، خادم حسین رضوی

5 Oct 2018 17:23

ڈیرہ غازیخان میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک کے امیر کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی جماعتوں سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا ان کے قول فعل میں تضاد پایا جاتا ہے۔ جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے قیام کی انہوں نے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضرور بننا چاہیے، بلکہ ایک مزید صوبہ نہیں کئی صوبے بنائے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر تحریک لبیک پاکستان مولانا خادم حسین رضوی نے کہا کہ تحریک لبیک کا مقصد حصول اقتدار نہیں بلکہ سیاسی جدوجہد کرکے آنے والی نسلوں کو بچانا ہے، صرف امن کی بات کرکے امن قائم نہیں ہوسکتا اس کے لیے عملی طور بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، قائداعظم نے یہ ملک اشرافیہ کی حکومت کے لیے نہیں بنایا تھا، مسلمانوں نے پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں بڑی قربانیاں دی ہیں، 70 ہزار ہماری ماؤں، بہنوں اور بہو بیٹیوں کا قتل عام ہوا، عظیم جدوجہد اور بڑی قربانیوں کا مقصد الگ تشخص اور الگ قوم تسلیم کروانا تھا، لیکن آج کی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد کا بھی پتہ نہیں کیونکہ اس کی آج تک مستند تاریخ نہیں لکھی گئی، جس کو جہاں سے اشارہ ملتا ہے وہ اسی کی زبان بولتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ڈیرہ غازیخان میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حقیقی اسلامی قوانین کے نفاذ اور مظلوموں کی آواز میں اپنی آواز شامل کرکے ان کی دادرسی کے لیے سیاست میں آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب ہم نے دیکھا کہ اللہ اکبر کی آواز بند اور مرزائیوں کو بہن بھائی قرار دیا جا رہا ہے، ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ جو کہ ہماری ساری جدوجہد کا محور ہے پر سمجھوتہ کیا جارہا ہے تو ہم میدان میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی شاہ خرچیاں حد سے بڑھ گئی تھیں، مری میں قیام کے دوران یہ لوگ اپنی پسند کی دہی بھی سپیشل جہاز سے منگواتے رہے ہیں اور دوسری طرف بیٹا باپ کی دوائی کے لیے لائن میں کھڑا ہے اور باپ دوائی کے انتظارمیں ہی مرجاتا ہے، کیا اس لیے یہ ملک بنا تھا؟ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے میٹرو پر پیسہ پانی طرح بہایا اور خوب کرپشن کی ایک پلر ستون ایک کروڑ کا بنا اور میٹرو خسارے میں ہے۔ تخت لاہور والوں نے لاہور کے ساتھ بھی زیادتی کی، لاہوریوں کو پینے کا صاف پانی تک یہ لوگ فراہم نہیں کرسکے، آج یہ حالت ہے کہ لاہور کا ہر دوسرا شہری ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ فیض آباد کا دھرنا ختم کرنے کے معاہدہ پر عمل درآمد ہوا ہے، ہمیں اس دھرنے کا طعنہ دینے والے پہلے یہ جواب دیں کہ عمران خان نے طویل دھرنا دیا اور آج ملک کے وزیراعظم ہیں انہیں کوئی طعنہ کیوں نہیں دیتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی جماعتوں سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا، ان کے قول فعل میں تضاد پایا جاتا ہے، جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے قیام کی انہوں نے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضرور بننا چاہیے، انہوں نے کہا بلکہ ایک مزید صوبہ نہیں کئی صوبے بنائے جائیں۔ مولانا خادم حسنین رضوی نے اس موقع پر ایک وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کو گالیاں نہیں دیں مجھ سے منسوب جملہ بھی غلط طور جوڑا گیا ہے۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے امیدوار ضمنی الیکشن پی پی 292 میاں عبدالرحمن بودلہ بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 754072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754072/ختم-نبوت-اور-ناموس-رسالت-کا-تحفظ-ہماری-تمام-تر-جدوجہد-محور-ہے-خادم-حسین-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org