0
Friday 5 Oct 2018 19:20
وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب کی پریس کانفرنس

شہباز شریف کی گرفتاری، پہلی بوند ہے مزید بڑی گرفتاریاں ہونیوالی ہیں، فواد چوہدری

بیرون ملک پاکستانیوں کی 10 ہزار جائیدادوں کی تفصیل مل گئی ہے، شہزاد اکبر
شہباز شریف کی گرفتاری، پہلی بوند ہے مزید بڑی گرفتاریاں ہونیوالی ہیں، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کو بارش کی پہلی بوند قرار دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام تو بہت پہلے ہو جانا چاہیئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کی گرفتاری تو شروعات ہے، مزید بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کے معاملے میں غیر جانبدار ہے، اگر نیب اور دیگر اداروں کو حکومت سے انتظامی مدد درکار ہوئی تو ہم بھرپور مدد کریں گے۔ نیب کے مطابق شہباز شریف کے خلاف ناقابل تردید شواہد ملے ہیں، وہ اپنے بیانات سے نیب حکام کو مطمئن نہیں کر سکے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی 10 ہزار جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات موجود تھیں لیکن اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں گئی، اب ان اثاثوں کی واپسی کیلئے ٹاسک کمیٹی کے ممبران کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اثاثے رکھنے والے 300 افراد کی فہرست تیار کر لی ہے، بے نامی اکاؤنٹس میں رقم منتقلی کی معلومات بھی مل رہی ہیں۔ ریڑھی بان اور فالودہ بیچنے والوں کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکلے۔

منی لانڈرنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کر رہی ہے، منی لانڈرنگ کے قانون کو مزید سخت کریں گے، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر اداروں کو متحرک کیا گیا ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ اسحاق ڈار نے سوئس اکاؤنٹس سے متعلق کارروائی پر عمل درآمد نہیں ہونے دیا، سوئس حکومت کے ساتھ ہماری بات ہوئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنا حکومتی پالیسی کے تین بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری طرح متحرک ہے، ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والے 157 افراد کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں، قبضہ مافیا کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے جس سے سی ڈی اے کو 35 ہزار کنال کا فائدہ ہوا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے 35 کروڑ کا سرکاری جہاز استعمال کیا، انہیں اس رقم کی واپسی کا نوٹس جاری کیا جائے گا جبکہ مشاہد اللہ نے اپنے علاج پر جو 54 ہزار پاؤنڈ خرچ کئے ہیں، وہ انہیں واپس کرنا ہوں گے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں چل سکتا، پی آئی اے میں ترقیوں کے حوالے سے بھی محکمانہ انکوائری ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 754083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش