0
Friday 5 Oct 2018 19:36

گرفتاریوں کیخلاف جنگ ایوانوں اور سڑکوں پر لڑیں گے، حمزہ شہباز

گرفتاریوں کیخلاف جنگ ایوانوں اور سڑکوں پر لڑیں گے، حمزہ شہباز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون  کے سینیئر رہنما حمزہ شہباز نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی دھاندلی کو شریف خاندان کی گرفتاریوں کی آڑ میں چھپا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے میں شہباز شریف کا بیٹا ہوں، میرے باپ نے مجھے کرپشن کا سبق نہیں سکھایا بلکہ مجھے بتایا گیا کہ کفن کی جیب نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا اور 18 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے گئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ چین کیساتھ معاہدے کئے گئے، جس کا ملک کو فائدہ ہو رہا ہے، بھاشا ڈیم کا منصوبہ ہم نے شروع کیا تھا، 11 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی مگر ہم نے قوم سے چندہ نہیں مانگا تھا۔ چندے سے ملک نہیں چلتے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ لیکر عمران خان وزارت عظمٰی کی سیٹ پر بیٹھے ہیں، دھاندلی کا زخم صرف میرے سینے پر نہیں جمہوریت کے سینے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا وہ احتساب اپنے گھر سے شروع کریں گے، قبضہ گروپ کی علامت علیم خان تو پنجاب کی کابینہ میں بیٹھا ہے، وزیراعلٰی پنجاب دیت دے کر قتل کیس سے بچے ہوئے ہیں اور اب وزیراعلٰی بنے بیٹھے ہیں، پنجاب کے لوگ اتنے بدقسمت نہیں تھے جن کو قاتل وزیراعلٰی دے دیا گیا، اسپیکر کون ہے، وہ ہے جس نے پنجاب بینک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، زلفی بخاری کون ہے، نیب زدہ شخص کو مشیر بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کہتا ہے کہ پنجاب میں ترقی ہے، چین نے میرے والد کو پنجاب سپیڈ کا خطاب دیا، ہم نے قوم کا 107 ارب روپیہ بچایا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب آپ نے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ طرز حکومت ہم نے کبھی نہیں دیکھا، نیب کیساتھ گٹھ جوڑ کرکے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، اس اقدام سے دل میں چھپا ہوا کفر بےنقاب ہوا ہے، کنٹینر پر چڑھ کر گالیاں دینے والے اب بنی گالہ بھی ہیلی کاپٹر پر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حقائق پر بات کریں، قوم کیساتھ پیش ہونے کیلئے تیار ہیں اور ہر سوال کا جواب دیں گے، قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن میں اپنے اردگرد بیٹھے لوگوں کو بھی دیکھیں، ہم نے حقائق آپ کے سامنے رکھ دیئے ہیں، اینٹی کرپشن میں مطلوب کو پی آر ٹی کا ٹھیکہ دیا گیا، میٹرو ملتان، پنڈی اور لاہور میں چل گئی مگر پشاور میں میٹرو منصوبہ کھنڈر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے پست نہیں، ہم اور زیادہ مضبوط ہیں، ہم پاکستانی قوم سے سچ کہنے کی ہمت رکھتے ہیں، ہم جیل کی سلاخوں سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیشن بنے گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ نیب نے یہ ٹھان لی ہے کہ الیکشن سے قبل نون لیگ والوں کو گرفتار کرکے پی ٹی آئی کو کامیابی دلانی ہے تو عوام اسے بھی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے بات ہوئی ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے سپیکر سے بات کر رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری ہوئی ہے، یہ کوئی عام بات نہیں، پنجاب اسمبلی میں بھی معاملہ اٹھائیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں ہم نے ووٹ شیر کو دیا تھا پی ٹی آئی کے امیدوار کیسے جیت گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ روش برقرار رہی تو ہم ایوانوں میں بھی جنگ لڑیں گے اور سڑکوں پر بھی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی حراست میں بیان دینے والے کے بیان پر شہباز شریف کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جبکہ عدالت کے حکم پر زلفی بخاری کو کوئی نہیں پوچھتا۔ انہوں نے کہا کہ کہنے کو تو یہ جمہوری حکومت ہے، لیکن ابھی بھی کنٹینر کلچر ہی چل رہا ہے، عمران نیازی کو الیکشن چرانے کا جواب دینا ہوگا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حیرت ہے چندے سے گھر نہیں چلتے یہ ملک چلانا چاہتے ہیں، سیاست میں قربانیاں دینا پڑتی ہیں، گرفتاری ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں، ہم نے مارشل لاء بھی دیکھے ہیں اور جیلیں بھی دیکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، ضمنی الیکشن میں چند دن رہ گئے ہیں اور اب شہباز شریف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کو ضمنی الیکشن جتوانے کیلئے شہباز شریف کو گرفتار کروایا گیا۔ ہم سب یہاں بیٹھے ہیں جسے بھی گرفتار کرنا ہے، کرلیں لیکن ہم آپ کے جعلی مینڈیٹ کو بے نقاب کر کے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 754085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش