QR CodeQR Code

عمران خان حکومت عوام پر عذاب بن کر نازل ہوئی ہے، سینیٹر مولا بخش چانڈیو

5 Oct 2018 20:04

نجی ٹی وی کے مطابق پی پی رہنما نے کہا ہے کہ چیف جسٹس بھی تحریک انصاف کی اسی بدمعاشی پر اظہار تشویش کر چکے ہیں اور حکومت مہنگائی کی شکل میں عوام کے خلاف معاشی غنڈہ گردی کے ذریعے مسلسل حملہ آور ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ غنڈہ گردی اور تشدد کے ذریعے تبدیلی کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں، جبکہ عمران خان حکومت عوام پر عذاب بن کر نازل ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی پی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کا تشخص ایک پرتشدد فاشسٹ جماعت والا بنتا جا رہا ہے، کہیں تحریک انصاف کے لوگ پولیس پر حملہ آور ہیں تو کہیں پولیس کے ذریعے حملے کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور حیدرآباد کے واقعات بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی بدترین مثال ہیں اور لاہور کی سرکاری زمینوں پر قبضے میں بھی تحریک انصاف کے لوگ ملوث پائے جا رہے ہیں، چیف جسٹس بھی تحریک انصاف کی اسی بدمعاشی پر اظہار تشویش کر چکے ہیں اور حکومت مہنگائی کی شکل میں عوام کے خلاف معاشی غنڈہ گردی کے ذریعے مسلسل حملہ آور ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان حکومت میں آکر بھی کنٹینر سے نہیں اترے اور لوگوں کو بیوقوف بنا رہے ہیں، جبکہ گھریلو صارفین کیلئے گیس اور بجلی کے نرخ بڑھا کر کہتے ہیں کہ عوام پر اس کا بوجھ نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بات کے ساتھ ساتھ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بھونڈی حرکت ہے، نیازی سرکار نے عوامی فلاح کے کاموں کے بجٹ پر کٹوتی لگانے کے ساتھ لوگوں کی جیبیں بھی کاٹنا شروع کر دی ہیں، یہ ہے وہ تبدیلی جس سے دو ماہ کے اندر عوام کو دن میں تارے نظر آنے لگے ہیں، سلیکٹڈ پرائم منسٹر یہ مت بھولیں کہ پیپلز پارٹی میدان میں ہے اور ہم عوام دشمن اقدامات کی مزاحمت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 754088

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754088/عمران-خان-حکومت-عوام-پر-عذاب-بن-کر-نازل-ہوئی-ہے-سینیٹر-مولا-بخش-چانڈیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org