QR CodeQR Code

سپریم کورٹ، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جے آئی ٹی بنانے کی درخواست پر نوٹسز جاری

6 Oct 2018 18:06

عدالت نے طاہر القادری کی درخواست پر پنجاب حکومت، پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں جن میں پوچھا گیا ہے کہ نئی جے آئی ٹی بنانے کے حوالے سے عدالت کی معاونت کریں اور پہلے والی جے آئی ٹیز کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں حکومت پنجاب، پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ طاہر القادری خود عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سپریم کورٹ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر غیر جانبدار مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) دوبارہ تشکیل دینے کی درخواست کی۔ طاہر القادری نے موقف اختیار کیا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاون کے واقعے کے بعد سے ہی غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آپ کی درخواست پر ہی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا ہے اور لاہور ہائیکورٹ نے آپ کی اپیل مسترد کی ہے، اس کیلئے آپ سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں۔ طاہر القادری نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکپتن، بلدیہ ٹاؤن فیکٹری اور زینب قتل کیس کے معاملے پر عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ اس لئے عدالت سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق بھی غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے طاہر القادری کی درخواست پر پنجاب حکومت، پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں جن میں پوچھا گیا ہے کہ نئی جے آئی ٹی بنانے کے حوالے سے عدالت کی معاونت کریں اور پہلے والی جے آئی ٹیز کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔
 


خبر کا کوڈ: 754205

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754205/سپریم-کورٹ-سانحہ-ماڈل-ٹاؤن-پر-جے-ا-ئی-ٹی-بنانے-کی-درخواست-نوٹسز-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org