0
Saturday 6 Oct 2018 15:50
امریکہ آل سعود حکومت کی حفاظت کرتا ہے، ولی عہد نے تردید نہیں کی

ٹرمپ کے ساتھ کام کرنا پسند ہے تاہم سکیورٹی کیلئے ادائیگی نہیں کرینگے، محمد بن سلمان

ٹرمپ کے ساتھ کام کرنا پسند ہے تاہم سکیورٹی کیلئے ادائیگی نہیں کرینگے، محمد بن سلمان
اسلام ٹائمز۔  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی بیانات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ کو سکیورٹی کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کریں گے۔ ریاض میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ امریکہ سے فوجی سازوسامان مفت میں نہیں لیا گیا، جتنا بھی سامان خریدا گیا اس کی پوری قیمت ادا کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق محمد بن سلمان نے امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین بہترین اقتصادی تعلقات قائم ہیں، اور ان تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امریکی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے میں پسندیدگی کا اظہار بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنا پسند ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سعودی عرب کی حفاظت کرتے ہیں اور امریکی فوج کے بغیر شاہ سلمان دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے، تاہم امریکی صدر نے اس بات کی وضاحت نہیں دی تھی کہ یہ پیغام انہوں نے کب اور کس موقع پر شاہ سلمان کو دیا تھا۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بغیر کسی معاوضے کے بہت سارے ممالک کا دفاع کررہے ہیں اور وہ ہمارا فائدہ اٹھا کر ہمیں مہنگا تیل فروخت کرتے رہے ہیں جو اچھی بات نہیں ہے۔ محمد بن سلمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اتحادی اپنے اپنے ملکی اور سیاسی مفاد کے تحت ہر قسم کی بات کرتے ہیں اور ایسا ممکن نہیں کہ ہر اتحادی ملک سو فیصد آپ کے حق میں ہو۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اس بیان سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے تاہم غلط فہمیوں کو دورکر کے مضبوط تعلقات قائم کئے جا سکتے ہیں۔ البتہ انہوں نے اپنی اس طویل گفتگو میں امریکی صدر کے اس دعوے کو مسترد نہیں کیا کہ امریکہ آل سعود حکومت کی حفاظت نہیں کرتا۔
خبر کا کوڈ : 754216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش