0
Saturday 6 Oct 2018 17:58
امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بہتری میں وقت لگے گا

نیب خود مختار ادارہ ہے، شہباز کی گرفتاری سے پی ٹی آئی کا تعلق نہیں، وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر، او آئی سی ممالک کو پاکستان کے موقف پہ لانا مشکل ہوتا جارہا ہے
نیب خود مختار ادارہ ہے، شہباز کی گرفتاری سے پی ٹی آئی کا تعلق نہیں، وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے میں وقت لگے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہ امریکہ کے ساتھ سات دہائیوں سے تعلقات ہیں۔ موجودہ دورہ امریکہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں آنے والے تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ دو سال سے امریکہ پاکستان پر نکتہ چینی کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، پاکستان کو افغانستان کے تناظر اور بھارت سے تعلقات کی بنیاد پر نہ دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، جس کی پوری قوم نے تعریف کی۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے تسلیم کیا کہ امت مسلمہ میں اتفاق نہیں ہے اور وہ تقسیم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر کامیابی ملی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا کہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی ممالک کو پاکستان کے مؤقف پر لانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے امت مسلمہ یکسو ہو۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے متعلق انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری عدالتی اور احتساب ادارے کا معاملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہباز شریف پر کیسز پی ٹی آئی نے نہیں بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے پاس لیگل ٹیم ہے جو معاملات کو دیکھ رہی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمشیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ نے اصل صورتحال بیان کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کشمیر میں مظالم کو پاکستانی پروپگینڈہ قرار دیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے کشمیر میں مظالم کی عکاسی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کی بنیاد پر کمشیر میں مظالم پر کمیشن بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 754264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے