QR CodeQR Code

صوابی میں ویران مکان سے لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد

6 Oct 2018 18:49

پولیس کیمطابق مقتولین کے ورثاء نے کسی کیخلاف قتل کی دعویداری نہیں کی جسکی بناء پر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مقامی افراد کیمطابق مقتولین ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں ایک ویران مکان سے نوجوان لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن برمولی کے مطابق گذشتہ روز اُنہیں اطلاع ملی کہ علاقہ سپین کانڑی میں کھنڈر نما مکان میں ایک لڑکے اور لڑکی اور لاشیں پڑی ہیں، اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں مکان میں ایک لڑکی اور لڑکے کی لاشیں پڑی تھی جنہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت بشریٰ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق سپین کانڑی سے ہے جبکہ لڑکے کی شناخت عبد اللہ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کرنل شیر کلے سے ہے، تاہم مقتولین کے ورثاء نے کسی کے خلاف قتل کی دعویداری نہیں کی جس کی بناء پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ مقتولین ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور وقوعہ کے روز مقتول عبد اللہ، بشریٰ سے ملاقات کیلئے آیا تھا، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کو لڑکی کے گھر والوں نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز بھی صوابی کے علاقہ یارحسین میں پسند کی شادی کے خواہاں جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا تھا، پولیس کے مطابق دونوں کو لڑکی کے بھائیوں نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، تاہم واردات میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 754273

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754273/صوابی-میں-ویران-مکان-سے-لڑکے-اور-لڑکی-کی-لاشیں-برآمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org