QR CodeQR Code

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ، پارہ 40 سینٹی گریڈ تک جانیکا امکان

7 Oct 2018 15:08

محکمہ موسمیات نے ممکنہ طوفان سے بھی خبردار کر دیا۔ میٹ آفس کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان کا باعث بن سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بھی شہر کا پارہ 40 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت اگلے دو دنوں میں مزید بڑھ سکتا ہے، تاہم منگل سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔ اتوار کے روز کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے۔

دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ممکنہ طوفان سے بھی خبردار کر دیا۔ میٹ آفس کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان کا باعث بن سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے مطابق جون، اکتوبر اور نومبر میں سمندری طوفان بننے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس دوران سطح سمندر کا درجہ حرارت زائد ہوتا ہے۔ ڈائریکٹر میٹ نے بتایا ہے کہ ماہرین سمندر کے بگڑتے مزاج سے پیدا ہونے والے ٹراپکل سائیکلون کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔ بڑھتی گرمی کے سبب شہر میں بجلی کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ برف اور جوسز کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 754419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754419/کراچی-میں-گرمی-کی-شدت-اضافہ-پارہ-40-سینٹی-گریڈ-تک-جانیکا-امکان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org