0
Sunday 7 Oct 2018 21:15

حکومتی سیاسی انتقامی کارروائیاں شروع، عمران خان ہوش کے ناخن لیں، خورشید شاہ

حکومتی سیاسی انتقامی کارروائیاں شروع، عمران خان ہوش کے ناخن لیں، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی انتقامی کارروائیاں شروع ہوگئی ہیں، عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور سیاست کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ سکھر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے سنا کہ میرے خلاف نیب نے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ میں نے اپنے رشتہ داروں کو زمینیں الاٹ کرائیں، یہ حقیقت ہے کہ مجھے بہت سی پیشکش ہوئیں، لیکن میں نے اپنے ضمیر کو نہیں بیچا، کیونکہ مجھے علم تھا کہ میں نے ایک انچ زمین بھی لی، تو کسی چور کو روک نہیں سکوں گا، دعوے سے کہتا ہوں کہ کوئی ثابت کر دے کہ مجھ سمیت میرے اہلخانہ اور خاندان کے کسی فرد کو ایک ایکڑ زمین بھی الاٹ کی گئی ہو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں ملازم تھا اور اتنے بڑے منصب تک کیسے پہنچ گیا، میں نے ملازمت ہی نہیں، بلکہ مزدوریاں بھی کیں، میں نے کالج کے زمانے سے سیاست شروع کی اور محنت کرکے اس مقام تک پہنچا، جب میں نے سیاست شروع کی، اس وقت لوگ سیاست کے س سے بھی واقف نہیں تھے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نئی وفاقی حکومت نے عوام کو سہانے خواب دکھائے اور اقتدار ملتے ہی بجلی اور گیس مہنگی کر دی، عوام پر منی بجٹ کا بم گرا دیا گیا اور اب حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے آشیانہ اسکیم شروع کی، تو انہیں جیل بھیج دیا گیا، ملک میں احتساب وہ ہو، جو نظر آئے، وہ احتساب نہ ہو، جو انتقام پر مبنی ہو، عمران خان لڑائیوں میں پھنس گئے، تو آپ کا نام سیاست سے ختم ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 754493
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش